English Al Qamar Urdu جون 25, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

زینب الرٹ بل کی منظوری قابل تحسین اقدام ہے ، گورنرسندھ

گھنائونے جرائم میں ملوث مجرمان کو کیفر کردار تک پہنچانے میں مدد ملے گی ، عمران اسماعیل
زینب شہید کے والدکو پوری قوم قدر کی نگا ہ سے دیکھتی ہے‘ محمد امین انصاری سے ملاقات
کراچی ( اسٹاف رپورٹر) گورنرسندھ عمران اسماعیل نے کہا ہے کہ ایوان بالا سے اغواء شدہ اور گمشدہ بچوں کی بازیابی، ردعمل اور الرٹ کرنے کیلئے قانون وضع کرنے کیلئے زینب الرٹ بل کی منظوری قابل تحسین اقدام ہے ، اس جانب توجہ دلانے اور بل کی تیاری میں زینب شہید کے والد محمد امین انصاری کا کردار انتہائی اہم رہا جسے پوری قوم قدر کی نگا ہ سے دیکھتی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے قصور سے تعلق رکھنے والی زینب شہید کے والد محمد امین انصاری سے گورنرہائوس میں ملاقات کے دوران کیا ۔ پاکستان تحریک انصاف کی صوبائی رکن اسمبلی سدرہ عمران اور روشنی ہیلپ لائن کے صدرمحمد علی بھی اس موقع موجود تھے ۔ گورنرسندھ نے کہا کہ بچوں کے اغواء اور ان سے زیادتی کے مقدمات کو 3 ماہ کے اندر نمٹانے کی شق سے ایسے گھنائو نے جرائم میں ملوث مجرمان کو کیفر کردار تک پہنچانے میں مدد ملے گی ۔ انہوں نے اس اہم اور حساس نوعیت کے معاملہ پر عوام میں آگاہی بیدا رکرنے کی مہم پر زینب شہید کے والد امین انصادی کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے اپنی صاحبزادی کے ساتھ پیش آنے والے اس اندو ہناک واقعہ کو انتہائی صبر سے برداشت کیا اور مستقبل میں بچوں کے ساتھ اس قسم کے واقعات کی ر وک تھام کے لئے آگاہی مہم چلائی جس پر پوری قوم انہیں سلام پیش کرتی ہے ۔ اس موقع پر رکن صوبائی اسمبلی سدرہ عمران نے گورنرسندھ کو بتایا کہ اس بل کی پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں سے منظوری کے بعد صوبوں کیلئے اسے ایڈاپٹ کرنا لازمی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف نے اس ضمن میں پہل کرڈالی ہے اور انہوں نے یہ بل منظوری کیلئے صوبائی اسمبلی میں جمع کروادیا ہے ۔ گورنرسندھ نے رکن صوبائی اسمبلی کو اس ضمن میں مبارک باد پیش کرتے ہوئے کہا کہ خواتین اور بچوں کے حقوق کے تحفظ اور ان کے ساتھ زیادتی کے مرتکب افراد کو قرار واقعی سزا دلوانا وفاقی حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے ۔ انہوں نے امین انصاری کے ساتھ مل کر بچوں کے حقوق کے تحفظ کیلئے کام کرنے پر روشنی ہیلپ لائن کے صدر محمد علی کو بھی خراج تحسین پیش کیا ۔زینب شہید کے والد محمد امین انصاری نے کہا کہ وہ چاہتے ہیں کہ مستقبل میں کوئی اور زینب اس طرح کے حادثہ کا شکار نہ ہو اور اس کیلئے وہ ہر جگہ اور ہر فورم پر جانے کیلئے تیار ہیں ۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے