لاہور(نمائندہ خصوصی ) شائقین کرکٹ پر پاکستان سپر لیگ 5کا جادو سرچڑھ کر بولنے لگا، بارش بھی کرکٹ کے دیوانوں کا جوش و خروش کم نہ کر سکی‘ صوبائی دارالحکومت میں جاری وقفے وقفے سے بارش کے باوجود شائقین کرکٹ نے بدھ کی شب قذافی اسٹیڈیم میں اسلام آباد یونائیٹڈ اور لاہور قلندرز کے درمیان ایک اہم میچ دیکھا اور خوب لطف اندوز ہوئے‘ میچ کے دوران اسلام آباد یونائیٹڈ کی اننگزکے آخری اوورز میں ہلکی بارش شروع ہو گئی اس کے باوجود کھیل جاری رہا،شائقین کولن منروکی جارحانہ بیٹنگ سے خوب لطف اندوزہوتے رہے، بارش سے بچانے کے لیے جب وکٹ کو ڈھانپ دیا ‘تاہم کرکٹ کے دیوانے بارش کے تھمنے کا انتظار کرنے لگے اور اسٹیڈیم کے اندر ہی بیٹھے رہے‘ میچ دیکھنے کے لیے ان کرکٹ پرستاروں کی آمد کا سلسلہ دوپہر کوہی شروع ہوگیا تھا جس میں وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ تیزی آتی گئی، مقابلہ شروع ہونے سے قبل ہی شائقین کی ایک بڑی تعداد اسٹیڈیم کے اندر موجود تھی ‘ٹاس شروع ہوا تواسٹیڈیم تماشائیوں سے کھچا کھچ بھرچکا تھا، اس دوران اسٹیڈیم پی ایس ایل کے آفیشل گانا تیار ہو، قومی نغموں اور شائقین کے فلک شگاف نعروں سے بھی گونجتا رہا،اسلام آباد یونائیٹڈ اور لاہورقلندرز کا میچ دیکھنے کے لیے ناصرف لاہور سے بلکہ گوجرانولا، سیالکوٹ‘ شیخوپورہ، قصور، ساہیوال، اوکاڑہ سمیت دوسرے شہروں سے تعلق رکھنے والے شائقین کرکٹ نے اسٹیڈیم کا رخ کیا، اس کے ساتھ ساتھ بیرون ممالک سے بھی کچھ فیملیز میچ دیکھنے لاہورآئیں،اس موقع پر شائقین کا کہنا تھا کہ میچ دیکھنے کا اصل مزہ گھر میں ٹیلی ویژن پر بیٹھ کر نہیں بلکہ اسٹیڈیم کے اندرجا رکر براہ راست دیکھنا کا مزہ ہی اپنا ہے،انہوں نے پی ایس ایل 5کا پورا میلہ پاکستان میں سجانے پر پاکستان کرکٹ بورڈ کا شکریہ ادا کیا۔
شائقین پر سپر لیگ5 کا جادو سرچڑھ کر بولنے لگا، بارش بھی آڑے نہ آسکی
القمر
