کراکس (انٹرنیشنل ڈیسک) وینزویلا کے صدر نکولاس مادورو نے خواتین سے اپیل کی ہے کہ وہ ملک کی بہتری کے لیے چھ چھ بچے پیدا کریں۔ خبر رساں اداروں کے مطابق خواتین سے متعلق قومی حفظان صحت منصوبے کے فروغ کے لیے ایک ٹی وی پروگرام میں صدر مادورو نے کہا کہ اس وقت وینزویلا معاشی بحران سے دوچار ہے اور ملک میں خوراک و ادویات کی قلت ہے۔ انہوں نے تقریب میں شریک خواتین کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ خدا آپ پر رحمت عطا فرمائے کہ آپ چھ چھ ننھے منے لڑکے لڑکیوں کو پیدا کریں۔ دوسری جانب وینزویلا کے امریکی حمایت یافتہ اپوزیشن رہنما اور خودساختہ صدر خوآن گوائیڈو کے حامیوں نے صدر مادورو کے بیان پر شدید تنقید کی ہے۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹس پر جاری پیغام میں ناقدین کا کہنا تھا کہ ملک میں اسپتال کام نہیں کر رہے، ادویہ کی قلت ہے، عورتیں بچوں کو دودھ نہیں پلا سکتیں کیوں کہ انہیں مناسب خوراک دستیاب نہیں ہے اور بازار کا دودھ خریدنے کی سکت بھی شہریوں میں نہیں ہے۔ ملک بحران کا شکار ہے اور ایسا لگتا ہے کہ مادورو اور ان کی حکومت نفسیاتی مسائل کا شکار ہے۔ اقوامِ متحدہ کے ’’عالمی خوراک پروگرام‘‘ کے جائزے کے مطابق وینزویلا کا ہر 3 میں سے ایک شہری اپنے گھر والوں کے لیے بنیادی خوراک مہیا کرانے میں دشواری کا سامنا کر رہا ہے۔ 2018ء میں ایک خیراتی ادارے نے دعویٰ کیا تھا کہ نوزائیدہ بچوں کو سڑکوں پر یا کسی سرکاری عمارت کے باہر چھوڑنے والوں کے تعداد میں 70 فیصد اضافہ ہوا ہے۔
وینزویلا میں ہر عورت سے 6بچے پیدا کرنے کی اپیل
القمر
