English Al Qamar Urdu جون 24, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

فٹبال فیڈریشن کے شفاف انتخابات کرائے جائیں،سینیٹ کمیٹی

القمر

اسلام آباد (جسارت نیوز)پاکستان میں فٹ بال کے کھیل کے فروغ کے حوالے سے سینیٹ کی خصوصی کمیٹی نے پاکستان فٹ بال فیڈریشن کے شفاف انتخابات پر زور د یتے ہوئے نارملا ئیزیشن کمیٹی سے جون 2020میں ہونے والے انتخابات کی تیاریوں سے متعلق تفصیلی بریفنگ طلب کر لی۔ کنونیئر کمیٹی سینیٹر دلاور خان نے کہا کہ جب تک پاکستان فٹ بال فیڈریشن کو سیاست سے پاک نہیں کیا جائے گا بہتری ممکن نہیں، دنیا گلوبل ویلج بن چکی،دنیا کو آپس میں منسلک کرنے میں کھیلوں کا کردار انتہائی اہم ہے۔ فٹ بال کا کھیل انتہائی اہمیت کا حامل اور دنیا میں کھیلا جاتا ہے مگر پاکستان میں ناقص حکمت عملی کی وجہ سے یہ کھیل زوال کی طرف جا رہا ہے، بد قسمتی کی بات ہے کہ کمیٹی کے اجلاس میں با اختیار لوگ شرکت ہی نہیں کرتے آئندہ اجلاس میں متعلقہ با اختیارلوگ اپنی شرکت یقینی بنائیں۔
جمعہ کو خصوصی کمیٹی کااجلاس کنونیئر کمیٹی سینیٹر دلاور خان کے زیر صدارت پارلیمنٹ ہائوس میں منعقد ہوا۔ اجلاس میںقائد ایوان سینیٹ سینیٹر سید شبلی فراز، سینیٹرز مرزا محمد آفریدی، روبینہ خالد کے علاوہ سیکرٹری آئی پی سی، ڈپٹی سیکرٹری جنرل این سی، سابق صدرپاکستان فٹ بال فیڈریشن اور دیگر حکام نے شرکت کی۔ خصوصی کمیٹی کے اجلاس میں پاکستان فٹ بال فیڈریشن، فیفا اور فیفا نارملائیزیشن کمیٹی کے اختیارات، مقاصد، ٹی او آرز، پاکستان فٹ بال فیڈریشن کے انتخابات اور فٹ بال کے فروغ کے حوالے سے فیز وائز پروگرام کی تفصیلات کے معاملات کا تفصیل سے جائزہ لیا گیا۔کنونیئر کمیٹی سینیٹر دلاور خان نے کہا کہ ہر کمیٹی اجلاس میں نئے لوگ آ کر کمیٹی کو بریف کرتے ہیں اور کمیٹی کی سفارشات پر عملدرآمد بھی دیکھنے میں نہیں آ رہا۔ قائد ایوان سینیٹ سینیٹر سید شبلی فراز نے کہا کہ فٹ بال کے فروغ کیلئے تمام اسٹیک ہولڈرز کو مل کر اقدامات اٹھانا ہونگے اور اس کو ویلیو چین کا حصہ بنانا ہوگا، جب تک پاکستان فٹ بال فیڈریشن کو سیاست سے پاک نہیں کیا جائے گا بہتری ممکن نہیں ہے۔ کمیٹی نے پاکستان فٹ بال فیڈریشن کے شفاف انتخابات پر زور دیا۔ کمیٹی کو ڈپٹی جنرل سیکرٹری نارملا ئیزیشن کمیٹی نے آگاہ کیا کہ فیڈریشن کے جون 2020 میں انتخابات ہونگے اس کے لئے کلبز کی سکروٹنی کرائی جائے گی۔ کمیٹی کو این سی کے مینڈیٹ بارے بھی آگاہ کیا گیا کہ پاکستان فٹ بال فیڈریشن کے ڈیلی امور کو چلانا، پاکستان میں قائم مختلف کلبز کی مناسب رجسٹریشن اور سکروٹنی کرانا اور فیڈریشن کے انتخابات کے حوالے سے انتظامات کرنا شامل ہے۔کمیٹی نے این سی انتظامیہ سے آئندہ اجلاس میں شفاف انتخابات کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ طلب کر لی۔کمیٹی کو بتایا گیا کہ فیفا کی طرف سے سالانہ 2.5 ملین ڈالر فٹ بال کے فروغ کیلئے ملتے ہیں، یہ بھی آگاہ کیا گیا کہ 2017 سے پہلے اخراجات کا کوئی آڈٹ نہیں ہوتا تھا۔سابق صدر پاکستان فٹ بال فیڈریشن نے کہا کہ پاکستان کی فٹ بال ٹیم 145 ویں نمبر سے تنزلی کا شکار ہو کر 208 ویںنمبر پر پہنچ گئی ہے جس کی بنیادی وجہ ادارے میں سیاست ہے نارملائیزیشن کمیٹی نو ماہ ہونے کے باوجود انتخابات نہیں کراسکی، غیر متعلقہ افراد کو فیڈریشن نے بھاری تنخواہوں پر رکھ کر نواز گیا ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے