ریاض (جسار ت نیوز) کرونا وائرس کے خطرے کے پیش نظر سعودی عرب میں فٹبال سمیت تمام کھیلوں میں تماشائیوں کے داخلے پر پابندی عائد کردی گئی ۔غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق وزارت اسپورٹس نے کہا ہے کہ دنیا کے بیشتر ممالک میں کورونا وائرس کے حوالے سے وزارت کو تشویش ہے۔ سعودی حکومت نے اس کی روک تھام کے لیے سخت احتیاطی تدابیر اختیار کر رکھی ہیں۔وزارت اسپورٹس نے کہا ہے کہ ان احتیاطی تدابیر کے پیش نظر اور لوگوں کی سلامتی کو ملحوظ رکھتے ہوئے تمام کھیلوں میں تماشائیوں کے داخلے پر پابندی لگائی جارہی ہے۔وزارت اسپورٹس کے مطابق فٹبال سمیت تمام کھیلوں میں تماشائیوں کے داخلے پر پابندی کا اطلاق شروع ہوگیا ہے ۔ وزارت اسپورٹس نے بتایا ہے کہ فیصلہ تاحکم ثانی نافذ العمل رہے گا تاہم وزارت وقفے وقفے سے اس پر نظر ثانی کرتی رہے گی۔
کرونا وائرس،سعودی عرب میں تمام کھیلوں میں تماشائیوں کے داخلے پر پابندی
القمر
