English Al Qamar Urdu جون 24, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

پانی چوری روکنے کیلئے پولیس اور رینجرز کی مدد سے آپریشن کا اعلان

لوگوں کو گھروں میں پانی کی فراہمی یقینی بنانے کیلئے غیر قانونی ہائیڈرنٹس کا خاتمہ کیا جائے گا، وزیر بلدیات
حب ڈیم سے مکمل 100 ملین گیلن سپلائی کو بھی یقینی بنانے کا فیصلہ‘ناصر شاہ کی زیر صدارت جائزہ اجلاس
کراچی (اسٹاف رپورٹر) سندھ کے وزیر اطلاعات، بلدیات سید ناصر حسین شاہ نے کہا ہے کہ ضلع غربی میں پانی چوری کرنے والے لوگوں کے خلاف پولیس اور رینجرز کی مدد سے بھرپور آپریشن کیا جائے گا۔صوبائی وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ ضلع غربی میں رہنے والے لوگوں کو پانی، سیوریج اور جن دیگر مسائل کا سامنا ہے وہ ترجیحی بنیادوں پر حل کئے جائیں گے۔ انہوں نے یہ بات اتوار کو ضلع غربی سے منتخب اراکین اسمبلی اور بلدیاتی افسران کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس کے دوران ضلع غربی میں جاری ترقیاتی اسکیموں کا جائزہ لیاگیا۔ اجلاس میں ممبران قومی اسمبلی عبدالقادر پٹیل، شاہدہ رحمانی، ممبران صوبائی اسمبلی لیاقت جسکانی ، ناز بلوچ ، وزیراعلیٰ سندھ کے معاون خصوصی راشدربانی، وقار مہدی، ممبران سابق صوبائی اسمبلی ندیم بھٹو ، ہمایوں خان ، سیکریٹری بلدیات روشن علی شیخ، ایم ڈی واٹر بورڈ ، ڈائریکٹر کے ڈی اے ، میونسپل کمشنر کے ایم سی ڈاکٹر سیف الرحمن شریک ہوئے۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ایک ماہ کے عرصے میں میانوالی پمپنگ اسٹیشن کو بحال کرکے عوام کا دیرینہ مطالبہ پورا کیا جائے گا تاکہ انہیں پانی کے حوالے سے بہتر سہولت مہیا آسکے۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سید ناصر حسین شاہ نے کہا کہ ضلع غربی میں چلنے والے تمام غیر قانونی ہائیڈرنٹس کا خاتمہ کیا جائے گا تاکہ لوگوں کو گھروں میں پانی کی وافر فراہمی کو یقینی بنایا جا سکے۔ سید ناصر حسین شاہ نے کہا کہ لیاری پارک میں قائم آراو پلانٹس بھی جلد بحال کئے جائیں گے۔ اجلا س میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ حب ڈیم سے مکمل 100 ملین گیلن پانی کی فراہمی کو بھی یقینی بنایا جائے گا۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ اس وقت مختلف وجوہات کی بنیاد پر حب ڈیم سے کل 40 ملین گیلن پانی فراہم کیا جارہا ہے جس کی وجہ سے لوگ مشکلات کا شکار ہیں۔ ناصر حسین شاہ نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ جن علاقوں میں پانی فراہم کیا جا رہا ہے وہاں سے پانی کی فراہمی منقطع کرکے دوسرے علاقوں کو پانی فراہم کرنے کی پریکٹس کو ختم کیا جائے۔ اجلاس میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ آئندہ سے ہر ضلع میں بنائی گئی کمیٹی کے ممبران کی مشاورت اور رضامندی سے اس ضلع میں ترقیاتی اسکیم شروع کی جائے گی۔ سید ناصر حسین شاہ نے اجلاس کو یہ بھی بتایا کہ وزیراعلیٰ سندھ نے شہر میں پینے کی لائنوں سے رساؤ اور اس کے باعث ہونے والے پانی کے ضیاع پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے واٹر بورڈ کے متعلقہ عملے کے خلاف سخت ایکشن لینے کی ہدایت کی ہے۔اس موقع پر ضلع غربی میں پانی کی منصفانہ تقسیم کی نگرانی کے لئے لیاقت جسکانی اور ندیم بھٹو پر مشتمل ایک کمیٹی بھی قائم کردی گئی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے