نئے آئی جی سندھ مشتاق مہر نے اپنی تعیناتی کے بعد افسران کی تبدیلی کا پہلا حکمنامہ جاری کردیا
ضلع شکارپور کے ایس ایس پی ڈاکٹر رضوان اور ایس پی اعجاز شیخ کو سی پی او رپورٹ کرنے کی ہدایت
کراچی (اسٹاف رپورٹر) نئے آئی جی سندھ مشتاق مہر نے اپنی تعیناتی کے بعد پہلا حکم جاری کر دیا ہے، وفاقی اور سندھ حکومت میں تنازع کا سبب بننے والے دو پولیس افسران تبدیل کر دیے گئے۔ تفصیلات کے مطابق سندھ کے نئے آئی جی مشتاق مہر نے ویک اینڈ کو رات گئے ایک حکم نامہ جاری کرکے وفاق اور سندھ حکومت کے درمیان تنازع کا باعث بننے والے 2 پولیس افسران کو تبدیل کرنے کے احکامات جاری کردیے۔ بطور انسپکٹر جنرل پولیس سندھ مشتاق مہر کا یہ پہلا حکم نامہ ہے۔ ضلع شکارپور کے ایس ایس پی ڈاکٹر رضوان اور ایس پی اعجاز شیخ کو سی پی او رپورٹ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ ڈاکٹر رضوان نے وزیر امتیاز شیخ کے خلاف خفیہ رپورٹ ارسال کی تھی، رپورٹ میں امتیاز شیخ، بھائی اور بیٹے پر سنگین الزامات عائد کیے تھے۔ ایس ایس پی اعجاز شیخ پر پی ٹی آئی نے سنگین الزامات عائد کیے تھے، سابق آئی جی نے الیکشن کمیشن سے اعجاز شیخ کے تبادلے کی سفارش کی تھی، اعجاز شیخ کے تبادلے کی سفارش ضمنی الیکشن کے باعث کی گئی تھی۔

