English Al Qamar Urdu جون 25, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

لیبیا: باغی ملیشیا کے 2 اسکولوں پر حملے‘ لڑائی جاری رکھنے کا اعلان

القمر

طرابلس (انٹرنیشنل ڈیسک) لیبیا میں باغی حفتر ملیشیانے طرابلس کے جنوب میں 2 اسکولوں پر راکٹوں سے حملہ کیا۔ خبررساں اداروں کے مطابق ابو سلیم بلدیہ میں واقع الا فدا اور سعیدہ عائشہ اسکول باغیوں کی بم باری میںنشانہ بنے۔ حملے کے وقت اسکول خالی تھے،جس کے نتیجے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ ادھر باغیوں کے سربراہ خلیفہ حفتر کا کہنا تھا کہ جب تک طرابلس کے مسلح گروپ مکمل طورپرجنگ بندی نہیں کرتے، لیبی حکومت کے خلاف لڑائی جاری رہے گی۔ فرانس کے دورے کے دوران فرانسیسی صدر سے ملاقات کے بعد اپنے بیان میں خلیفہ حفتر کا کہنا تھا کہ لیبیا میں جنگ بندی کے لیے طرابلس کے عسکری گرہوں کو ہتھیار پھینکنا ہوں گے۔ فرانسیسی ایوان صدرکی طرف سے جاری بیان میں کہا گیا کہ جنرل خلیفہ حفتر نے صدر عمانویل ماکروں سے ملاقات کی،جس میں باغیوں کے رہنما نے یقین دلایا کہ وہ جنگ بندی معاہدے پرعمل کو یقینی بنائیں گے۔ ذرائع ابلاغ کے مطابق فرانسیسی صدر فی الحال لیبی حکومت کے سربراہ فائز السراج سے ملاقات کا ارادہ نہیں رکھتے۔ حفتر ملیشیا نے بھی اپنے بیان میں اپنے سربراہ کی فرانسیسی صدر سے ملاقات کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ بات چیت کے دوران یورپ کی طرف غیرقانونی نقل مکانی کی روک تھام اور لیبیا میں جاری محاذ آرائی سمیت دیگر اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ فرانسیسی ایوان صدر میں جنرل حفتر کا سرکاری سطح پر شاندار استقبال کیا گیا۔ اس موقع پر فرانس کے آرمی چیف، وزیر دفاع، وزیر داخلہ اور دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔ واضح رہے کہ حفتر ملیشیانے اتوار کے روز دعویٰ کیا تھا کہ لیبی حکومت غیرملکی جنگجووں اور ترک فوج کی مدد سے ایک بڑے حملے کی تیاری کررہی ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے