غیر قانونی طور پر 160 گز کے پلاٹ پر کثیر المنزلہ عمارت تعمیر کردی گئی تھی
عمارت مسماری کے دوران مکینوں کی جانب سے شدید مزاحمت کی گئی جسے پولیس نے قابو کرلیا
کثیر المنزلہ عمارتیں راتوں رات تعمیر نہیں ہوتیں، اس وقت ادارے کہاں غائب ہوجاتے ہیں، متاثرین
کراچی (اسٹاف رپورٹر) کلفٹن کنٹونمنٹ بورڈ نے دہلی کالونی میں 160 گز کے پلاٹ پر تعمیر 12 منزلہ عمارت کی مسماری شروع کردی، سی بی سی حکام کے مطابق منہدم کی جانے والی دیگر عمارتوں کا سروے مکمل کر لیا ہے، کلفٹن کنٹونمنٹ بورڈ نے منگل کی صبح دہلی کالونی کے کمرشل ایریا میں غیر قانونی طور پر تعمیر ہونے والی کثیر المنزلہ عمارت کو مسمار کرنے کا کام شروع کیا اس دوران مکینوں کی جانب سے شدید مزاحمت کا سامنا کرنا پڑا، تاہم پولیس نے علاقہ مکینوں پر قابو پالیا۔ ڈائریکٹر ویجلنس سی بی سی کرنل (ر) عادل کے مطابق عدالتی حکم پر کارروائی عمل میں لائی جارہی ہے جس کا تسلسل پورے مہینے جاری رہے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ دہلی اور ملحقہ کالونیوں میں مسمار کی جانے والی بلڈنگوں کا سروے مکمل کر لیا گیا ہے۔ ماضی میں اس نوعیت کے آپریشنز کو سیاسی دبائو کی وجہ سے روک دیا جاتا تھا، متاثرین کا کہنا تھا کہ یہ کثیر المنزلہ عمارتیں راتوں رات تعمیر نہیں ہوئیں جس وقت یہ تعمیرات ہوتی ہیں اس وقت متعلقہ ادارے کیوں غائب ہو جاتے ہیں حکومت شہریوں کو گھروں سے بے دخل کر رہی ہے، زندگی بھر کی جمع پونجی فلیٹ کے حصول پر خرچ کی اب کہاں جائیں۔
دہلی کالونی کی 12 منزلہ عمارت گرانے کا کام شروع
القمر
