English Al Qamar Urdu جون 25, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

قومی اسمبلی: جنوبی پنجاب صوبے کا بل پیش کرنے کا حکومتی اعلان

القمر

اسلام آباد: حکومت نے جنوبی پنجاب صوبے کے قیام کے لیے بل اسمبلی میں پیش کرنے کا اعلان کیا ہے جب کہ اس کے لیے دیگر سیاسی جماعتوں سے رابطوں کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے۔ نجی ٹی وی کے مطابق وزیر اعظم عمران خان کی سربراہی میں اجلاس کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے بتایا کہ اجلاس میں وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار، جنوبی پنجاب سے تعلق رکھنے والے وفاقی و صوبائی وزرا اور آئی جی پنجاب بھی موجود تھے۔ وزیر اعظم نے تحریک انصاف کے منشور کو سامنے رکھتے ہوئے سب سے رائے لی۔ جنوبی پنجاب کے عوام سے کئے وعدے کو عملی جامہ پہنانے کے لیے اہم فیصلہ کیا گیا ہے۔

شاہ محمود قریشی نے بتایا کہ وزیراعظم نے فیصلہ کیا ہے کہ جنوبی پنجاب صوبے کے قیام کے لیے اسمبلی میں بل پیش کیا جائے گا اور اس پر دیگر سیاسی جماعتوں سے بھی مشاورت کی جائے گی کیونکہ دیگر سیاسی جماعتیں بھی یہ سمجھتی رہی ہیں کہ جنوبی پنجاب کی محرومیوں کا خاتمہ ہونا چاہیے۔ بل پاس کرنے کےلیے اتفاق رائے پیدا کرنے میں کچھ وقت لگے گا۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ جنوبی پنجاب کے عوام کے لیے سیکرٹریٹ کا فیصلہ ہوا ہے، اس کے لیے ساڑھے 3 ارب روپے درکار ہوں گے، سیکرٹریٹ کے لیے 13 ہزار 500 اسامیاں درکار ہوں گی، آیندہ ماہ تک ایڈیشنل سیکرٹری اور ایڈیشنل آئی جی جنوبی پنجاب تعینات کیے جائیں گے۔ دونوں افسران بہاولپور اور ملتان میں اپنے دفاتر قائم کریں گے۔ ماضی میں وعدے کے مطابق جنوبی پنجاب کو فنڈز نہیں ملا کرتے تھے، آبادی کے تناسب سے 35 فیصد فنڈ جنوبی پنجاب کے لیے مختص کریں گے۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ وزیراعظم نے اپنے منشور کے کیے گئے وعدے کو روڈ میپ دیا ہے، شہبازشریف ماضی میں جنوبی پنجاب کو اس کا حق دینے کی بات کرتے رہے ہیں، پچھلے دور میں (ن) لیگ کے پاس دوتہائی اکثریت تھی لیکن انہوں نے کچھ نہیں کیا،امیدہے جب بل پیش کریں گے تو پیپلزپارٹی اپنے موقف کے مطابق حمایت کرے گی، توقع ہے مسلم لیگ ن کے ارکان بھی اپنی قیادت کو قائل کریں گے۔ چاہتے ہیں کہ منتخب ارکان اور عوام کی رائے کو اہمیت دی جائے، جنوبی پنجاب کے دارالحکومت کا فیصلہ منتخب اسمبلی کرے گی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے