اسپتال کے ملازمین گذشتہ 8 ماہ سے تنخواہوں کے بغیر کام کرنے پر مجبور ہیں، کوئی پوچھنے والا نہیں ہے
مطالبات منظور نہ ہوئے تو میئر کے دفتر کے باہر احتجاج کریں گے، یقین دہانی کے باوجود تنخواہیں نہیں دی گئیں، ملازمین
کراچی (اسٹاف رپورٹر) بلدیہ عظمیٰ کراچی کا سب سے بڑا عباسی شہید اسپتال شدید مالی بحران سے دوچار ہے، اسپتال ملازمین گزشتہ 8 ماہ سے بغیر تنخواہوں کے کام کرنے پر مجبور ہیں۔ تفصیلات کے مطابق بلدیہ عظمیٰ کراچی کے ماتحت چلنے والے سب سے بڑے عباسی شہید اسپتال میں ہائوس جاب آفیسرز تنخواہوں کی عدم فراہمی پر سراپا احتجاج ہوگئے، ہاتھوں میں بینرز اٹھائے اپنے مطالبات کے حق میں شدید نعرے بازی کی اور میئر کراچی سے تنخواہیں فوری ادا کرنے کا مطالبہ کیا، مظاہرین کا کہنا تھا کہ احتجاج کا چوتھا روز ہے ہم احتجاج پر ہیں لیکن کوئی پرسان حال نہیں ہے گزشتہ 4 ماہ سے ہم تنخواہوں سے محروم ہیں، روزانہ احتجاج کررہے ہیں اپنی ڈیوٹی کے فرائض بھی انجام دے رہے ہیں، بغیر تنخواہوں کے مزید کام نہیں کریں گے۔ سینئر میڈیکل ڈائریکٹر بلدیہ عظمیٰ کراچی ڈاکٹر سلمیٰ کوثر نے 12 مارچ تک معاملات حل کرنے کی یقین دہانی کرائی، اگر مطالبات منظور نہیں ہوئے تو میئر کراچی کے دفتر کے باہر احتجاج کرنے پر غور کر سکتے ہیں، تاہم اسپتال ذرائع کے مطابق اسپتال کے دیگر ملازمین جن میں ڈاکٹرز، ڈی ایم ایس، اے ایم ایس سمیت دیگر اعلیٰ عہدیداران بھی گزشتہ 8 ماہ سے تنخواہوں اور ہیلتھ الائونس سے محروم ہیں۔ دریں اثناء پی ٹی آئی رہنما و رکن سندھ اسمبلی خرم شیرزمان عباسی شہید اسپتال پہنچے اور مظاہرین سے ملاقات کی جس کے بعد عباسی شہید اسپتال کے ڈائریکٹر جبار بھٹی سے بھی ملاقات کی جس کے بعد مظاہرین کو مسائل حل کرنے میں کردار ادا کرنے کی یقین دہانی کرائی۔
تنخواہوںکی عدمادائیگی‘ عباسی شہید اسپتال کا عملہ سراپا احتجاج
القمر
