کراچی (اسٹاف رپورٹر): پاکستان سپرلیگ فائیو میں آج کراچی کنگز اور لاہور قلندرز کی ٹیمیں میدان میں اترنے کو بیتاب ہیں تو وہیں پر کورونا وائرس سے بچاؤ کے اقدامات مکمل کرلیے گئے ہیں ۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان سپر لیگ فائیو میں کراچی کنگز اور لاہور قلندرز کی ٹیمیں آمنے سامنے ہوں گی، اس موقع پر نیشنل اسٹیڈیم میں شائقین کرکٹ کیلئے کورونا وائرس سے بچاؤ کے اقدامات مکمل کرلیے گئے ہیں جبکہ رات گئے نیشنل اسٹیڈیم میں فیومیگیشن کی گئی اور تمام انکلوژر میں اسپرے بھی کیا گیا ۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق اب تک تھرمل اسکریننگ اور ہینڈ سینیٹائزر مشینیں نصب نہیں کی گئیں ہیں جبکہ امکان ظاہر کیا جارہا ہے کہ میچ سے قبل میڈیکل ٹیمیں اسکریننگ کا سامان اور ہینڈ سینیٹائیزر لے کر پہنچ جائیں گی ۔
واضح رہے کہ آج کراچی نیشنل اسٹیڈیم میں لاہور قلندر اور کراچی کنگز کے درمیان میچ شام 7بجے شروع ہوگا۔
گزشتہ روز کمشنر کراچی افتخار شالوانی کی جانب سے کورونا وائرس سے بچاؤ کی ایڈوائزری جاری کی گئی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ اسٹیڈیم آنے والے ایڈوائزی پر عمل کرتے ہوئے احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔انہوں نے کہا کہ اسٹیڈیم آنے والوں کی تھرمل اسکریننگ ہوگی۔
کمشنر کراچی نے شائقین کرکٹ سے اپیل کی کہ کھانسی، نزلہ یا زکام کی صورت میں اسٹیڈیم نہ آئیں۔
