English Al Qamar Urdu جون 22, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

امریکا ‘ سعودی عرب میں لاک ڈاؤن کے اقدامات‘سندھ کے تعلیمی ادارے 31مئی تک بند‘امتحانات ملتوی

القمر

کراچی/اسلام آباد/واشنگٹن/تہران/منیلا (اسٹاف رپورٹر+خبرایجنسیاں) امریکا اور سعودی عرب میں کورونا وائرس کے پیش نظر لاک ڈاؤن کے اقدامات شروع کردیے گئے۔امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے برطانیہ کے سوایورپی باشندوں پر امریکا میں کورونا کے پھیلاؤ کا الزام عاید کرتے ہوئے ان کا 30روز کے لیے داخلہ بند کردیا۔ سعودی عرب نے اپنے شہریوں کی بیرون ملک روانگی پر پابندی عاید کرتے ہوئے خلیجی ممالک کے بعد پاکستان ، بھارت ، یورپی یونین سمیت مزید 12 ممالک کے ساتھ پروازیں معطل کرنے کے علاوہ اپنے شہریوں کو بھی 72گھنٹوں کے اندر وطن واپس پہنچنے کی ہدایت کردی ہے جبکہ عمرہ اور سیاحتی ویزوں پر موجود غیر ملکی باشندوں کو بھی 72 گھنٹے کے اندر سعودی عرب چھوڑنے کی ہدایت کی گئی ہے ۔ سعودی حکومت نے اٹلی کی طرز پر لاک ڈاؤن کا فیصلہ کرلیا ہے۔ سعودی عرب کی وزارت داخلہ نے جمعرات کو علی الصبح ایک حکم نامہ جاری کیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ یورپی یونین، سوئٹزرلینڈ، بھارت، پاکستان، سری لنکا، فلپائنز، سوڈان، ایتھوپیا، جنوبی سوڈان، اریٹریا، کینیا، جبوتی اور صومالیہ کے ساتھ فضائی رابطہ 72گھنٹوںکے بعد معطل کر دیا جائے گا۔ اس سے قبل سعودی عرب نے خلیجی تعاون کونسل کے ممالک سمیت 19 ممالک کے لیے سفری پابندی لگائی گئی تھی جبکہ پوری دنیا سے سیاحتی اور عمرہ ویزے کے اجراء پر پابندی کے ساتھ انہیں سیاحتی اور عمرہ ویزے کے حامل افراد کے بھی سعودی عرب میں داخلے پر پابندی عاید کردی تھی ۔ خلیجی ممالک سے سعودی عرب میں داخل ہونے والے ایسے افراد پر 5 لاکھ ریال جرمانہ بھی عاید کرنے کا کہا ہے جو سعودی عرب میں داخلے کے موقع پر صحت کی درست معلومات فراہم نہیں کریں گے۔ سعودی عرب کی جانب سے اردن کے ساتھ تمام زمینی گزرگاہوں کے ذریعے آنے والے مسافروں کا داخلہ بھی معطل ہے ۔ سعودی عرب نے ایک قدم مزید آگے بڑھاتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان ، بھارت ، سری لنکا ، فلپائن اور انڈونیشیاکے ایسے شہریوں کو جن کے پاس کارآمد اقامہ یا سعودی عرب میں رہائش کی دستاویزات ہیں ، انہیں ہدایت کی ہے کہ وہ 72 گھنٹوں کے اندر اندر سعودی عرب واپس پہنچ جائیں ۔ اسی طرح کارآمد اقامہ یا سعودی عرب میں رہائش کی دستاویزات کے حامل ایسے افراد جو اپنے وطن واپس جانا چاہتے ہیں وہ بھی اسی مدت میں واپس چلے جائیں ، اس کے بعد ان ممالک سے کسی کو سعودی عرب میں داخلے یا جانے کی اجازت نہیں دی جائے گی ۔ سعودی عرب نے پاکستان سے ڈاکٹروں ، نرسوں اور میڈیکل کے شعبوںکے علاوہ ہر قسم کے ویزوں کے اجرا پر بھی فوری طور پر پابندی عاید کر دی ہے ۔سعودی وزارت داخلہ کے اس ہدایت نامہ کے جاری ہونے کے ساتھ ہی پاکستان میں افراتفری پھیل گئی اور سعودی عرب سے پاکستان چھٹیوں پر آئے ہوئے افراد نے سعودی ائرلائنز اور پی آئی اے کے دفاتر پر نشستوں کے حصول کے لیے ہلہ بول دیا ۔ سعودیہ ائرلائنز نے ابھی تک اپنے مسافروں کے لیے کسی خصوصی پرواز کا اعلان نہیں کیا ہے جبکہ پی آئی اے نے سعودی عرب میں مقیم معتمرین کو واپس لانے اور پاکستان میں مقیم اقامہ ہولڈروں کو سعودی عرب پہنچانے کے لیے 3اضافی پروازوں کا اعلان کیا ہے۔ ایک پروازاسلام آباد سے جدہ بروز اتوار چلائی جائے گی جو جدہ سے مسافروں کو خصوصی طور پر اسلام آباد واپس بھی لائے گی ۔ دوسری پرواز لاہور سے مدینہ منورہ لاہور بروز ہفتہ چلائی جائے گی ۔ تیسری پرواز کراچی سے جدہ کراچی بروز ہفتہ چلائی جائے گی۔ پی آئی اے کے ترجمان نے کہا ہے کہ پاکستانیوں کو سعودی عرب پہنچانے کے لیے مزید پروازیں بھی ترتیب دی جا رہی ہیں او ر ضرورت کے مطابق پروازوں میں اضافہ کیا جاسکتا ہے۔ پاکستانی مسافروں کو سہولت پہنچانے کے لیے پاکستانی وزارت خارجہ نے سفارت خانوں اور قونصل خانوں میں ہاٹ لائن قائم کر دی ہے ۔ادھر وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی زیرصدارت جمعرات کو 10 بجے شب صوبائی کابینہ کا ہنگامی اجلاس ہوا جس میں تمام تعلیمی اداروں کو 30 مئی 2020 تک بند رکھنے کی منظوری دے دی گئی جب کہ16مارچ سے شروع ہونے والے میٹرک کے امتحانات بھی منسوخ کردیے گئے ہیں ۔وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کورونا وائرس وبا کی شکل اختیار کر گیا ہے ، لہٰذا حکومت نے اس پر قابو پانے کے لیے سخت اقدامات اٹھانے کا فیصلہ کیا ہے۔ کابینہ نے تفصیلی غور و خوص کے بعد تمام تعلیمی اداروں کو30 مئی 2020 ء تک بند رکھنے کا فیصلہ کیا۔ اسے موسم گرما کی تعطیلات سمجھا جائے گا، یکم جون کو اسکول دوبارہ کھلیں گے۔ کابینہ نے شادیوں ، سماجی اور مذہبی اجتماعات سمیت ہر قسم کے اجتماع کی حوصلہ شکنی کرنے کی بھی تجویز پیش کی۔ کابینہ کے اراکین نے ان قیدیوں کا معاملہ اٹھایا جو عدالتوں میں سماعت کے دوران اپنے رشتہ داروں سے ملتے ہیں اور پھر جیلوں میں واپس آجاتے ہیں۔ وزیراعلیٰ سندھ نے محکمہ صحت کو ہدایت کی کہ وہ جیل کے قیدیوں اور ان کے خاندان کے اراکین کے لیے ایڈوائزری جاری کریں جو کہ وہ سماعت کے دوران اور جیل میں ملنے آتے ہیں۔وزیر اعلیٰ سندھ نے چیف سیکرٹری کے ذریعے کمشنرز کو ہدایت کی کہ وہ مذہبی اسکالرز اور اقلیتوں کے رہنماؤں سے ملاقاتیں کریں اور اس بات پر تبادلہ خیال کریں کہ موجودہ صورت حال میں مذہبی اجتماع کی کس طرح حوصلہ شکنی کی جاسکتی ہے۔دوسری جانب وزیراعظم عمران خان نے قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس آج جمعہ کو طلب کر لیا ہے۔ نیشنل ہیلتھ سروسز کی درخواست پر کورونا وائرس سے متعلق ملک میں ایمرجنسی نافذ کرنے کا فیصلہ کیا جائے گا۔ مسلح افواج کے سربراہان، وزیر خارجہ، دفاع، قانون اور چاروں صوبوں کے وزرائے اعلیٰ اجلاس میں شریک ہوں گے۔چین کے شہر ووہان سے پھیلنے والا کورونا وائرس دْنیا کے 125 سے زائد ملکوں میں پھیل گیا ہے اور مزید 18ہلاکتیں رپورٹ ہوئی ہیں جس کے بعد کئی ممالک میںدفاتر اسکول بند، کاروبار محدود، کھیل ملتوی، تقریبات منسوخ کردی گئیں۔ برطانیہ نے کورونا وائرس سے بچاؤ میں غریب ممالک کو مددفراہم کرنے کے لیے آئی ایم ایف 15کروڑ پاؤنڈ دینے کا اعلان کیا ہے۔ ادھر ایران نے کورونا وائرس سے نمٹنے کے لیے 1962ء کے بعد پہلی مرتبہ آئی یم ایفسے مالی معاونت کے لیے رجوع کرلیا ہے۔ ایران میں کورونا وائرس سے مزید 75 اموات کے بعد ہلاکتوں کی تعداد 429 تک پہنچ گئی ہے جب کہ کورونا کے ایک ہزار مزید نئے کیسز آئے ہیں جس کے بعد متاثرہ افراد کی کل تعداد 10 ہزار سے زائد ہوگئی ہے۔ علاوہ ازیں ایران میں کورونا وائرس سے بچاؤ کے لیے شراب پینے سے ہلاک افراد کی تعداد 44 ہو گئی۔ ایران میں کورونا وائرس کے باعث رکن پارلیمنٹ فاطمی رہبر بھی ہلاک ہو چکی ہیں جب کہ ایران کی نائب صدر برائے خواتین میں بھی کورونا وائرس سمیت کئی اراکین پارلیمنٹ میں وائرس کی تصدیق ہو چکی ہے۔ دوسری جانب پرتگال کے صدر مارسیلو بھی کورونا وائرس کا شکار ہو گئے ہیںجس کے بعد صدر مارسیلو کی تمام سرگرمیاں معطل کر کے صدارتی محل میں ان کا علاج جاری ہے۔بھارت نے آج سے تمام غیرملکی سیاحوں کے ویزے معطل کردیئے، بھارت جانے والے مسافروں کو پرواز میں سوار ہونے کی اجازت نہیں ہوگی۔کورونا وائرس کے باعث ایشیائی ترقیاتی بینک کے ہیڈ کوارٹر اور فلپائنی سینیٹ کو بھی بند کردیا گیا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے