ریاض: سعودی عرب کی علماء کونسل نے کورونا وائرس کےحوالے سےسعودی شہریوں کی دینی رہنمائی کرتے ہوئے کہا ہے کہ کورونا وائرس کے شبے میں قرنطینہ میں رکھے گئے افراد مساجد کا رخ کرنے اور باجماعت نمازوں میں ادائیگی سے پرہیز کریں۔
سعودی علماء کونسل کا 24 واں اجلاس دارالحکومت ریاض میں منعقد ہوا، اجلاس میں ملک میں کورونا کے بڑھتے خطرات اور اس وبا کے حوالے سے علما کی ذمہ داریوں پر تبادلہ خیال کیا گیا جبکہ علماء نے متفقہ تجویز دی کہ کورونا کے شبے میں عام لوگوں سے الگ کیے گئے افراد باجماعت نمازوں میں شرکت نہ کریں، ایسا نہ ہوکہ دیگر افراد بھی مہلک مرض کا شکار ہوں اور یہ بیماری دوسروں تک منتقل ہو۔
اجلاس میں علماء نےرسول صلی اللہ علیہ وسلم کے اس فرمان کو بھی بطور حجت پیش کیا ہے جس میں آپ نے فرمایا تھا کہ ‘کوئی بیمار صحت مند کے پاس نہ جائے’۔ اس کے علاوہ ایک دوسری حدیث میں اللہ کے رسول کا فرمان ہے کہ ‘اگر تم کسی علاقے میں طاعون کی بیماری کا سنو تو وہاں نہ جاؤ، جس علاقے میں تم رہتے ہو وہاں طاعون پھیلے تو وہاں سے باہر نہ نکلو’۔
خیال رہے کہ سعودی عرب میں کورونا وائرس کےکیسز سامنے آنے کے بعد سعودی حکومت نے عمرے پر عارضی ادائیگی بھی روک دی ہے جبکہ مسجد نبوی کی زیارت پر بھی پابندی عائد کردی گئی ہے۔
