نیب انتقام کا ادارہ ہے، شاہد خاقان عباسی، کسی کی گرفتاری تضحیک کے لئے نہ کی جائے، یہ اچھا عمل نہیں ہے، راجہ پرویز اشرف
حکومت نے میر شکیل کو گرفتار کرکے نیا مسئلہ اٹھا دیا، یہ آزادی صحافت پر حملے کے مترادف ہے، امین الحق و دیگر کی تقاریر
اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) جنگ اور جیو میڈیا گروپ کے سربراہ میر شکیل الرحمن کی گرفتاری کے خلاف جمعہ کو قومی اسمبلی میں بھی شدید احتجاج کیا گیا۔ مسلم لیگ (ن) کے رہنما اور سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہاکہ ملک کو اکٹھا کرنے کے بجائے میڈیا کے ایک بڑے گروپ کے سربراہ کو گرفتار کر لیا گیا، نیب انتقام کا ادارہ ہے؟ یہ ایک سوچ ہے، کیا سیاسی انتقام سے لوگوں کو دبائیں گے۔ انہوں نے کہاکہ اسلام آباد ہائی کورٹ بتا چکی کس پیمانے پر کس کو گرفتار کرنا ہے، میر شکیل الرحمن کی گرفتاری سے پورا ملک پریشان ہے آزادی صحافت پر حکومت حملہ آور ہے، پیپلز پارٹی کے رہنما سابق وزیراعظم راجہ پرویز اشرف نے کہاکہ کسی نے جرم کیا ہے تو نیب ضرور پکڑے مگر کسی کی تضحیک کے لیے گرفتاری نہ کی جائے، پریس گیلری خالی ہے پورا میڈیا احتجاج کر رہا ہے، حکومت نے میر شکیل الرحمن کو گرفتار کرکے نیا مسئلہ اٹھا دیا ہے، علی وزیر نے کہاکہ ہم میر شکیل الرحمن کی گرفتاری کی بھی مذمت کرتے ہیں، میر شکیل کی گرفتاری آزادی صحافت پر حملہ ہے ہمارے بھی بہت سے لوگ اٹھائے گئے ہیں۔ ایم کیو ایم کے رکن اسمبلی امین الحق نے کہاکہ میر شکیل الرحمن کی گرفتاری آزادی صحافت پر حملے کے مترادف ہے۔
میر شکیل الرحمن کی گرفتاری کیخلاف قومی اسمبلی میں احتجاج
القمر
