لاہور(وائس آف ایشیا) پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کی فرنچائزز نے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) پر زور دیا ہے کہ وہ لاہور کے باقی میچوں کو رواں سال کے ایڈیشن میں کراچی منتقل کریں۔ذرائع کے مطابق فرنچائزز میں سے کچھ کی رائے ہے کہ میچز لاہور یا کراچی میں ہونے سے اسلئے کوئی فرق نہیں پڑتا ہے کیونکہ وہ خالی اسٹیڈیم کے سامنے کھیلے جائیں گے۔ فرنچائزز نے یہ بھی کہا ہے کہ انہیں ٹیموں کے لاہور جانے کی صورت میں سفری اخراجات بھی برداشت کرنے ہوںگے کیوں کہ فی الحال زیادہ تر ٹیمیں کراچی میں مقیم ہیں۔یاد رہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ نے پی ایس ایل فائیو کے شیڈول میں تبدیلی کرتے ہوئے ایونٹ کے پلے آف میچز کو سیمی فائنل اور فائنل میں تبدیل کردیا ہے۔پی سی بی کی جانب سے کیے گئے فیصلے کے مطابق نئے شیڈول میں دونوں سیمی فائنلز 17 مارچ کو قذافی اسٹیڈیم، لاہور میں کھیلے جائیںگے۔ پوائنٹس ٹیبل پر پہلی پوزیشن پر موجود ٹیم اب ایونٹ کی چوتھی بہترین ٹیم سے دوپہر 2 بجے پہلے سیمی فائنل میں مد مقابل آئیگی۔ پوائنٹس ٹیبل پر دوسری اور تیسری پوزیشنز پر موجود ٹیموں کے درمیان مقابلہ شام 7 بجے شروع ہوگا۔ایونٹ کا فائنل 18 مارچ بروزبدھ کو شام 7 بجے قذافی اسٹیڈیم لاہور میں شروع ہوگا۔ شیڈول میں تبدیلی تمام ٹیموں کے مالکان کی رضامندی سے کی گئی ہے۔ دوسری جانب پی سی بی اس حوالے سے حکومت پنجاب سے مسلسل رابطے میں ہے۔ قذافی اسٹیڈیم میں شیڈول آئندہ چاروں میچوںمیں تماشائیوں کی شرکت کے بارے میں بھی مقامی حکومت کی سفارش پر عمل کیا جائیگا۔ اس حوالے سے حتمی اعلان جلد کردیا جائیگا۔پاکستان کرکٹ بورڈ نے پاکستان سپر لیگ کے تمام فرنچائز مالکان سے کانفرنس کال پر رابطہ کیا جس میں پی ایس ایل میچز شیڈول کے مطابق جاری رکھنے پر اتفاق کیا گیا۔
