کراچی(اسٹاف رپورٹر)پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) فائیو میں اتوار کو اپنا آخری میچ کھیلنے کے لیے کراچی میں موجود ملتان سلطانز کی ٹیم کے کھلاڑیوں اور آفیشل کی آج صبح نجی اسپتال میں کورونا وائرس سکیننگ کرائی گئی اور تمام کھلاڑیوں کو کلیئر قرار دیا گیا ہے۔ملتان سلطانز ٹیم کے چار کھلاڑی اور چار آفیسرز کو سخت سکیورٹی میں نیشنل اسٹیڈیم،کراچی کے قریب ہی واقع نجی اسپتال لایا گیا جہاں ملکی اور غیر ملکی کھلاڑیوں اور ملتان سلطانز آفیشلز کی کورونا سکینگ کی گئی جس کے بعد کھلاڑی واپس ہوٹل روانہ ہو گئے۔اسپتال ذرائع کے مطابق کھلاڑی اور آفیشلز کورونا اسکینگ میں کلیئر قرار دیئے گئے ہیں۔ خیال رہے کہ کورونا وائرس کے باعث پاکستان سپر لیگ 2020ء کے میچز کا شیڈول بھی تبدیل کر دیا گیا ہے جب کہ پی سی بی نے فرنچائز میں شامل غیر ملکی کھلاڑیوں کو اپنے وطن جانے کی اجازت بھی دے دی ہے۔کورونا وائرس کے خوف سے اب تک پی ایس ایل چھوڑ کر واپس اپنے ملک جانے والوں میں کراچی کنگز کے الیکس ہیلز، ملتان سلطانز کے ریلی روسو اور جیمز ونس، پشاور زلمی کے ٹام بینٹن، کارلوس بریتھ ویٹ، لیام ڈاسن، جیمز فوسٹر (کوچ)، لوئس گریگری اور لیام لیونگ اسٹون جب کہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے جیسن رائے اور ٹائمل ملز شامل ہیں۔
