اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ہمیں کورونا کی روک تھام کے ساتھ لوگوں کو بھوک سے بھی بچانا ہے۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری بیان میں وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ کورونا وائرس پھیلنے کے خدشے کے پیش نظر ہم نے ملک بھر میں تعلیمی ادارے، شاپنگ مالز، شادی ہال اور ریسٹورینٹ سمیت ہر اس جگہ کو بند کردیا جہاں عوامی اجتماعات ہوسکتے تھے لیکن لاک ڈاؤن کی تباہی کو روکنے کے لیے زرعی شعبے کو کھلا رکھا ہے ور اب تعمیراتی شعبہ بھی کھول رہے ہیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ برصغیر پاک و ہند میں بڑے پیمانے میں غربت ہے۔ جس کی وجہ سے ہمیں متوازن اقدامات کرنے ہیں، کورونا کی روک تھام اور بھوک سے لوگوں کو بچانا بھی یقینی بنانا ہے۔
واضح رہے کہ ملک بھر میں اس وقت کورونا کے 40 تصدیق شدہ مریض جاں بحق ہوچکے ہیں جن میں سے 14 کا تعلق سندھ، 11 کا پنجاب، 11 کا خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان سے 3 جب کہ بلوچستان کا ایک مریض شامل ہے۔

