سندھ کے صوبائی وزیر تعلیم سعید غنی کا کہنا ہے کہ ہم نے لوگوں کی زندگیاں اور صحت بچانے کے لیے سخت فیصلے کیے، ہمیں یا عوام کو وفاقی حکومت سے وہ مدد نہیں مل رہی جو ملنی چاہیے۔ نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق کراچی میں وزیر اطلاعات سندھ ناصر حسین شاہ کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے سعید غنی کاکہنا تھاکہ وزیر اعلٰی سندھ نے ایک ارب 8 کروڑ روپے راشن کے لیے جاری کیے ہیں، 4لاکھ خاندانوں میں راشن تقسیم کیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق سعید غنی کا کہنا تھا کہ ہم راشن کی تقسیم اس سے پہلے کرنا چاہتے تھے جب کہ وفاق سے ہمارے کام میں رکاوٹیں بھی ڈالی گئیں۔ ان کا کہنا تھا کہ نجی اسکولوں کی ایسوسی ایشن سے ملاقات ہوئی ہے ان کو فیس کم کرنے پر کوئی اعتراض نہیں ہے۔
اس موقع پر وزیراطلاعات سندھ ناصر حسین شاہ کا کہنا تھا کہ لاک ڈاؤن میں ہمارا کوئی سیاسی مفاد نہیں، ہم نے شروع سے لاک ڈاؤن کا کہا اگر وفاق اس وقت سپورٹ کرتا تو صورتحال قابو میں ہوتی۔ ناصر حسین شاہ کا کہنا تھا کہ ان افراد پر توجہ نہیں دی گئی جو بیرون ملک سے ائیرپورٹس کے ذریعے آئے، ائیر پورٹس کھلے رہے ،لاکھوں کی تعداد میں لوگ آئے جنہوں نے وائرس پھیلایا۔
ان کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت اچھی کارکردگی دکھا رہی ہے لیکن کچھ دوستوں کو یہ بات ہضم نہیں ہورہی ہے،کل بھی کچھ لوگوں نے پریس کانفرنس کی اور چیزوں کو متنازع بنایا،اگر آپ کام نہیں کرسکتے تو بلا وجہ تنقید نہ کریں۔
خیال رہے کہ پاکستان میں کورونا کے کیسز کی تعداد 4ہزار437 ہوچکی ہے جن میں سے 64 افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔
سندھ میں کورونا وائرس کے کیسز کی تعداد 1128 ہوچکی ہے جب کہ 21 افراد انتقال کرچکے ہیں۔
