آسٹریلوی ٹیسٹ ٹیم کے کپتان ٹم پین نے مائیکل کلارک کے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے ٹیم کے دفاع میں آگئے۔
اسپورٹس ویب سائٹ سے بات چیت کرتے ہوئے ٹیم پین نے کہا کہ کسی بھی کھلاڑی نے ویرات کوہلی کے حوالے سے نرم گوشہ نہیں رکھا، سب کھلاڑیوں نے اپنا بہترین کھیل پیش کیا۔
انہوں نے ٹیم کا دفاع کرتے ہوئے کہا میرے خیال میں ہر کھلاڑی نے اپنی استعداد اور صلاحیتوں کے مطابق پرفارم کیا، جس کے ہاتھ میں گیند آئی اس نے اپنی بھرپور کارکردگی پیش کرتے ہوئے ٹیم کو فتح سے ہمکنار کرنے کی کوشش کی۔
ٹیم پین نے واضح کیا کہ میں نے کسی پلیئر کو نہیں دیکھا جو ویرات کوہلی کے ساتھ نرمی سے پیش آیا یا پھر اس نے بھارتی کپتان کو آؤٹ کرنے کی کوشش نہ کی ہو، سب نے پرفارم کیا اور کسی سے کوئی نرمی نہیں برتی۔
واضح رہے کہ سابق آسٹریلوی کپتان مائیکل کلارک نے الزام عائد کرتے ہوئے کہا تھا کہ آئی پی ایل کے معاہدوں کی وجہ سے بعض آسٹریلوی بولر ویرات کوہلی سے نرمی سے پیش آتے تھے اور کنٹریکٹ بچانے کے لیے بھارتی ٹیم سے اچھے تعلقات رکھتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ہوم سیریز میں بھارت سے شکست کی بڑی وجہ بھی یہی تھی کہ آسٹریلوی پلیئرز نے آئی پی ایل معاہدے بچانے کے لیے مہمان ٹیم سے اچھے تعلقات رکھے۔
