اسلام آباد: ملک بھر میں کورونا کے تصدیق شدہ مریضوں کی تعداد 4 ہزار 788 ہوگئی ہے جب کہ اس مہلک وائرس سے 71 افراد جاں بحق اور 762 صحت یاب ہوچکے ہیں۔ نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کی جانب سے جاری اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں کورونا وائرس کے 2 ہزار 457 مشتبہ مریضوں کے ٹیسٹ کیے گئے جن میں سے 190 میں اس وائرس کی تشخیص ہوئی۔ جس کے بعد ملک بھر میں کورونا کا شکار افراد کی تعداد 4 ہزار 788 ہوگئی ہے۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں مزید 5 افراد کورونا کے ہاتھوں زندگی کی بازی ہار گئے جب کہ 50 کی حالت تشویشناک ہے۔ ملک بھر میں کورونا سے جاں بحق افراد کی تعداد 71 ہوگئی ہے۔
کہاں کتنے مریض ؟
حکام کے مطابق اب تک پنجاب میں 2336، سندھ 1214، بلوچستان 220، خیبر پختونخوا میں 656، آزاد کشمیر 34، اسلام آباد میں 113 اور گلگت بلتستان میں 215 کیسز رپورٹ ہوچکے ہیں۔
