کراچی: پنجاب کے بعد سندھ حکومت نے بھی کورونا وائرس کی صورتحال کے پیش نظر رمضان بچت بازار نہ لگانے کا فیصلہ کیا ہے۔ نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق وزیر زراعت سندھ اسماعیل راہو کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ ہجوم کی وجہ سے کورونا وائرس مزید پھیلنے کا خدشہ ہے اس لیے صوبے بھر میں رمضان بچت بازار نہ لگانے کا فیصلہ کیا گیا ہے کیونکہ رمضان بچت بازار لگنے سے عوام کا رش بڑھ جائےگا۔
تفصیلات کے مطابق انہوں نے کہا کہ فیصلہ شہریوں کی حفاظت کے پیش نظر کیا گیا ہے، یہی وجہ ہے کہ صوبے کی تمام سبزی منڈیوں میں بھی مزید سختی کی ہدایت کی گئی ہے۔ وزیر زراعت سندھ نے ہدایت کی کہ منڈیوں سے دکانوں، اسٹالوں پر پھلوں، سبزیوں کی ترسیل یقینی بنائی جائے گی۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ رمضان میں شہری سرکاری قیمت پر آن لائن سبزی اور پھل بھی منگوا سکتے ہیں۔
خیال رہے کہ سندھ میں کورونا وائرس کے متاثرہ مریضوں کی تعداد 2 ہزار سے تجاوز ہو چکی ہے جن میں سے 45 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔
