مرتضیٰ وہاب نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ سندھ میں کورونا کو شکست دینے سے متعلق اچھی خبر سامنے آئی ہے، تقریباً ڈھائی ہزار تبلیغیوں کے ٹیسٹ منفی آگئے۔ نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق ترجمان حکومت سندھ بیرسٹر مرتضیٰ وہاب کا کہنا ہے کہ دو ہزار آٹھ سو نواسی تبلیغیوں کے ٹیسٹ کیے گئے تھے جن میں سے تقریباً ڈھائی ہزار تبلیغیوں کے ٹیسٹ منفی جبکہ چار سو سینتیس کے کورونا ٹیسٹ پازیٹیو آئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان تمام افراد کو پہلے چودہ روز قرنطینہ میں بھی رکھا گیا تھا، ان تبلیغی جماعت کے افراد کو سندھ کے مختلف اضلاع میں رکھا گیا تھا۔
بیرسٹر مرتضی وہاب نے کہا ہے کہ جن کے ٹیسٹ منفی آئے ہیں انہیں ہیلتھ ایڈوائزری پر عمل کرتے ہوئے گھروں کو روانہ کردیا جائے گا۔ ترجمان سندھ حکومت کے مطابق گھروں کو روانگی سے قبل متعلقہ ڈپٹی کمشنر سے سرٹیفیکٹ دیا جائے گا جبکہ تمام ایس او پیز پر عملدرآمد لازمی ہوگا۔
انہوں نے مزید کہا ہے کہ منفی ٹیسٹ کے حامل تبلیغیوں کو اپنے گھروں میں چودہ روز قرنطینہ میں گزارنا ہوگا اور احتیاطی تدابیر کے طور پر گھر کے دیگر افراد سے سماجی دوری اختیار کرنا ہوگی۔ مرتضیٰ وہاب کا عوام سے اپیل کرتے ہوئے کہنا تھا کہ شہری سماجی دوری اختیار کریں گھروں پر قیام کریں، غیر ضروری طور پر گھر سے نکلنا مناسب نہیں ہے۔مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ ایک قوم بن کر ہم نے کورونا کو شکست دینی ہے، آئیں کورونا وائرس کے خاتمے میں حکومت سندھ اور پوری انسانیت کا ساتھ دیں۔
