کراچی: حکومت سندھ کی جانب سے 12 بجے سے سہ پہر 3 بجے تک مکمل لاک ڈاؤن نافذ کردیا گیا۔ نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق اعلیٰ افسران کی قیادت میں سڑکوں پر پولیس کا گشت جاری ہے اور جگہ جگہ ناکہ بندی ہے۔ لاک ڈاؤن سے مستثنیٰ دکانوں کو بھی بند کروادیا گیا ہے۔ مساجد اور مدارس میں جمعے کے اجتماعات پر پابندی ہے اور باہر فوج، رینجرز اور پولیس کے جوان تعینات ہیں۔
تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے آئی جی پولیس مشتاق مہر کو ہدایت کی کہ وہ جمعہ کے دن دوپہر 12 بجے سے سہ پہر 3 بجے تک مکمل لاک ڈاؤن کو یقینی بنانے کے لیے تمام تر ضروری انتظامات کریں۔
گزشتہ روز وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے مفتی منیب الرحمن کی زیر قیادت علماکے وفد سے ملاقات کے موقع پر کہا تھا کہ سندھ میں جمعے کو 12 بجے سے سہ پہر 3 بجے تک مکمل لاک ڈاؤن ہوگا، وفد کے اراکین میں مفتی عابد مبارک ، مفتی رفیع رحمن ، مفتی عابد سعید ، عبدالوحید ، ڈاکٹر عبدالباری ، ڈاکٹر عدیل ، ڈاکٹر سعید اور دیگر شامل تھے، وزیر اعلیٰ سندھ کی معاونت وزیر مذہبی امور ناصر شاہ اور وزیر تعلیم سعید غنی نے کی،وزیراعلیٰ سندھ نے کوروناوائرس پر قابو پانے کے لیے غیر مشروط تعاون پر علمائے کرام کا شکریہ ادا کیا۔
علمائے کرام نے کہا کہ وہ کورونا وائرس کی جاری صورتحال سے آگاہ ہیں ، لہذا انھوں نے حکومت کی حمایت کی ہے اور آئندہ بھی حکومت کے ساتھ تعاون کریں گے۔ وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ اور مفتی منیب الرحمن نے ملاقات کے فورا بعداپنے پیغامات ریکارڈ کروائے اور انھوں نے لوگوں پر تعاون کرنے کے لیے زور دیا۔
