English Al Qamar Urdu جون 24, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

کرپشن میں ملوث کرکٹر پر تاحیات پابندی لگنی چاہیے،عاقب جاوید

القمر

لاہور(آئی این پی)پاکستان کے سابق فاسٹ بولر اور پی ایس ایل ٹیم لاہور قلندرز کے ہیڈ کوچ عاقب جاوید نے بھی میچ فکسنگ کیخلاف سخت قوانین کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ کرپشن میں ملوث کرکٹرز کو دوبارہ نہیں کھلانا چاہئے۔ اپنے ایک انٹرویو میں عاقب جاوید نے کہا کہ پاکستان کو تو بہت پہلے اس طرح کے قوانین بنا لینے چاہئے تھے کیوں کہ پاکستان سے بہت سے کھلاڑیوں کا نام آیا ہے، ضرورت اس بات کی ہے کہ ان افراد کو بھی پکڑا جائے جو ان کھلاڑیوں کو کرپشن پر اکساتے ہیں۔ محمد عامر نے جو کام کیا، اگر وہ پاکستان میں کرتے تو کیا یہاں جیل ہوتی؟ ضرورت ہے کہ سخت سے سخت سزا دی جائے۔سابق فاسٹ بولر نے کہا کہ ملک کیلئے بہترین کرکٹرز تیار کرنے کیلئے ضروری ہے کہ اسکول، کالج اور یونیورسٹی کی سطح پر صرف ریڈ بال کرکٹ ہو۔ان کا کہنا تھا کہ طویل مدت کی کرکٹ سے ہی اچھے پلیئرز ملتے ہیں، گلی ڈنڈا کرکٹ سے کوئی فائدہ نہیں ہونا۔ جونیئر سطح پر ہفتہ اور اتوار کو دو روزہ میچز کراکرآٹھ ماہ کی لیگز کرائی جائے۔ ایسا ہی آسٹریلیا اور انگلینڈ میں بھی ہوتا ہے اس وجہ سے وہاں تسلسل سے اچھے کرکٹرز سامنے آرہے ہوتے ہیں۔عاقب جاوید نے تجویز دی کہ دنیا بھر کی ٹی ٹوئنٹی فرنچائز ٹیموں کے درمیان بھی مقابلہ ضروری ہے، کولکتہ نائٹ رائیڈرز اور لاہور قلندرز کا مقابلہ بھی کسی انٹرنیشنل میچ سے کم نہیں ہوگا لیکن اس کو کامیاب بنانے کیلئے کسی ایک ملک میں ٹورنامنٹ کرانے کی بجائے فٹبال کے طرز پر ہوم اینڈ اووے کے میچز کرائے جائیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے