کراچی(اسٹاف رپورٹر) فٹ بال کے سابق قومی کوچ اختیار اللہ نے کہا ہے کہ ملک میں فٹ بال کی ترقی کے لئے مثبت اقدام کی ضرورت ہے اور کئی سال سے ملک میں فٹ بال کھیل ترقی نہیں کر پا رہا اور تباہی کے دہانے پر کھڑا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گذشتہ روز سرکاری خبر رساں ادارے سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں گراس روٹ سطح پر کھیلوں کے مقابلوں کے انعقاد سے فٹ بال کے کھیل میں بہتری آسکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ فٹ بال کے کھیل میں سیاست کے بجائے مثبت اقدامات کو اٹھانا ضرورت ہے کیونکہ فٹ بال کے کھیل کا ٹیلنٹ کئی سال سے ضائع ہورہا ہے۔ ایک سوال کے جواب میں اختیار اللہ نے کہا کہ اب تو فیفا نے پاکستان میں نارملائیزیشن کمیٹی بنائی ہوئی ہے اور ہمیں آپس کی لڑائیوں کو ختم کرکے فٹ بال کی بہتری کی طرف جانا ہوگا، آپس کی لڑائیوں سے کھلاڑی کو کیا فائدہ ہوگا۔ ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ہمارے ملک میں فٹ بال کا کھیل اس وقت تک ترقی نہیں کرسکتا جب تک گراس روٹ سطح پر مقابلوں کا انعقاد نہیں ہوگا اور اس کے ساتھ ساتھ تعلیمی اداروں کو بھی اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کو پرائیویٹ اسکولوں میں بھی کھیلوں کے میدانوں کو آباد کرنا ہوگا، صحت مند معاشرے کی تشکیل کے لئے کھیلوں کا انعقاد بہت ضروری ہے اگر کسی کے پاس کھیلوں کے میدان نہیں ہیں تو وہاں پر صحت مند سرگرمیاں کیسے بحال ہوںگی۔
فٹ بال کی ترقی کیلئے مثبت اقدامات کی ضرورت ہے،اختیار اللہ
القمر
