لاہور(جسارت نیوز)سوشل میڈیا پر جاری پی سی بی کی ڈریم پیئر مہم کو مداحوں، سابقہ اور موجودہ کھلاڑیوں سمیت صحافیوں اور کرکٹ پنڈتوں کی جانب سے خوب پذیرائی مل رہی ہے ڈیجیٹل مہم کا پانچواں مرحلہ 7 مئی بروز جمعرات کی دوپہر 2 بجے شروع ہوگیا جہاں مداحوں کو ٹیسٹ کرکٹ میں اپنے پسندیدہ آلراؤنڈر کو چننے کا موقع فراہم کیا گیااس حوالے سے1990 اور 2000 کی دہائی کے دومعروف آلراؤنڈرز اظہرمحمود اور عبدالرزاق بھی پی سی بی کی اس ڈیجٹل مہم کاحصہ بن گئے ہیں۔پاکستان کی جانب سے 21 ٹیسٹ میچوں میں 900 رنز اور 39 وکٹیں حاصل کرنے والے سابق آلراؤنڈر اظہر محمود نے ماضی کے عظیم کھلاڑیوں میں سے عمران خان کے ہمراہ اپنی ڈریم جوڑی بنانے کی خواہش ظاہر کی ہے۔ 1997 میں اپنے ٹیسٹ ڈیبیو کی پہلی اننگز میں جنوبی افریقا کے خلاف ناقابل شکست سنچری اور دوسری اننگز میں ناقابل شکست نصف سنچری اسکور کرکے پلیئر آف دی میچ کا ایوارڈ حاصل کرنے والے اظہر محمود نے عصر حاضر کے کرکٹرز میں سے بابراعظم کیساتھ بیٹنگ اور شاہین شاہ آفریدی کے ہمراہ بولنگ جوڑی بنانے کی خواہش کا اظہار کیا ہے۔سابق ٹیسٹ کرکٹر اظہر محمود نے کہاکہ وہ عمران خان کے ساتھ ڈریم پیئر بنانا چاہتے ہیں کیونکہ ماضی کے عظیم آلراؤنڈر کو دیکھ کر ہی تو انہوں نے کرکٹ کھیلنے کا آغاز کیا تھا۔سابق کرکٹر نے کہا کہ عمران خان ان کے پسندیدہ کرکٹر اور ہیرو تھے اور وہ پی سی بی کے اس بہترین موقع کا فائدہ اٹھا کر ان کے ہمراہ ڈریم پیئر بنانے کی خواہش کا اظہار کرتے ہیں۔موجودہ کرکٹرز میں سے ڈریم پیئر کا چناؤ کرتے ہوئے اظہر محمود نے کہا کہ وہ بائیں ہاتھ کے نوجوان فاسٹ باؤلر شاہین شاہ آفریدی کے ساتھ بولنگ کرنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شاہین شاہ آفریدی بہت باصلاحیت کرکٹر ہیں اور وہ انہیں بخوبی جانتے ہیں۔موہالی ٹیسٹ 2005 میں بھارت کے خلاف 346 منٹ کریز پر کھڑے رہ کر پاکستان کو یقینی شکست سے بچانے والے آلراؤنڈر عبدالرزاق نے عمران خان کے ہمراہ بولنگ کی خواہش کا اظہار کیا ہے۔ 46 ٹیسٹ میچوں میں 1946 رنز اور 100 وکٹیں حاصل کرنے والے آلراؤنڈر عبدالرزاق نے میدان میں بیٹنگ کے لیے سابق کپتان جاوید میانداد کو اپنے ڈریم پیئر میں شامل کرنے کی خواہش ظاہر کی ہے۔سابق کرکٹر عبدالرزاق نے پاکستان کرکٹ بورڈ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا ہے کہ پی سی بی کا اس ڈیجٹل مہم کے ذریعے اپنے سابقہ کھلاڑیوں کو خراج تحسین پیش کرنے کا یہ انداز قابل ستائش ہے۔
اظہر محمود اور عبدالرزاق کی عمران خان کے ساتھ ڈریم پیئر بنانے کی خواہش
القمر
