لاہور(جسارت نیوز) کرکٹ کے لیجنڈز کا موجودہ کھلاڑیوں کوویڈیو لنک کے ذریعے ٹپس دینے کا سلسلہ مکمل ہوگیا۔سابق کرکٹرز کی جانب سے27 اپریل سے شروع ہونے والا یہ سلسلہ 9 مئی کو اختتام پذیر ہوا، جہاں ماضی میں پاکستان کوشاندار فتوحات دلانے والے معروف کھلاڑیوں جاوید میانداد، وسیم اکرم، راشد لطیف، مشتاق احمد، معین خان، یونس خان، محمد یوسف اور شعیب اختر نے خصوصی شرکت کی۔لاک ڈاؤن کے سبب سابق کرکٹرز نے آن لائن سیشنز کے ذریعے موجودہ اور ایمرجنگ کرکٹرز کو کارکردگی نکھارنے اور صلاحیتوں کے بھرپور اظہار کے مفید گْر سیکھائیں۔ اس دوران ماضی کے عظیم کرکٹرزنے شرکاء کو اپنے کیرئیر کے اتار چڑھاؤ کی کہانیاں سنانے کے ساتھ ساتھ انہیں کھیل میں نظم و ضبط،سخت محنت، خوداعتمادی اور یقین محکم کا جذبہ اپنانے کی ہدایت کی۔ان سیشنز میں تقریباَ 45 موجودہ اور ایمرجنگ کرکٹرز نے حصہ لیا، آن لائن سیشنز کا مقصد مستقبل کے بہترین کھلاڑیوں کو ان غیرمعمولی حالات میں کھیل سے جوڑنے اور عظیم کھلاڑیوں کے علم سے مستفید کرنا تھا۔بعد ازاں قومی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ اور چیف سلیکٹر مصباح الحق نے کہا کہ وہ اپنے قیمتی وقت میں سے آن لائن سیشنز کا حصہ بننے والے عظیم کھلاڑیوں کے مشکور ہیں، ان غیرمعمولی حالات میں گھروں تک محدود کرکٹرز کے لیے ان مخصوص سیشنزکا انعقاد ایک بہترین تجربہ ثابت ہوا ہے، وہ پرامید ہیں کہ جاوید میانداد، وسیم اکرم، مشتاق احمداور یونس خان جیسے معروف کھلاڑیوں کی کہانیاں موجودہ کرکٹرز کے لیے حوصلہ افزائی کا سبب بنیں گی۔ انہوں نے کہاکہ عظیم کھلاڑیوں کے تجربات کی روشنی میں کھیل کے ایک طالب علم کی حیثیت سے یہ آن لائن سیشنز ان کے لیے بھی مفید رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ایسے انٹریکٹو سیشنزموجودہ اور سابقہ کھلاڑیوں کو ایک دوسرے سے تبادلہ خیال کا موقع فراہم کرتے ہیں ، جو نوجوانوں کے کھیل میں نکھار اور کرکٹ کی مختلف نسلوں میں دوری کو کم کرنے کا سبب بنتے ہیں۔انہوں نے کہاکہ سابق کرکٹرز نے موجودہ کھلاڑیوں کو آئسولیشن میں گزرتے ان قیمتی لمحات کے مثبت استعمال اورانگلینڈ سیریز کے لیے ذہنی طور پر تیار رہنے کے گْر بتائے ہیں۔بلے باز بابراعظم کا کہنا ہے کہ آن لائن سیشنز کا انعقاد ایک شاندار تجربہ رہا، جس سے کھلاڑیوں کے اعتماد میں اضافہ ہوا ہے۔انہوں نے کہا کہ وہ اپنے کیرئیر کے آغاز سے ہی محمد یوسف اور یونس خان کی اسکلز کے متعارف رہے ہیں اوردونوں لیجنڈری بلے بازوں نیانہیں کارکردگی میں تسلسل لانے کے لیے مفید مشورے دئے،وکٹ کیپر بیٹسمین سرفراز احمد نے کہاکہ وہ خود کو خوش قسمت سمجھتے ہیں کہ ان کا تعلق ایک ایسے شہر سے جس نے مختلف ادوار میں پاکستان کے لئے عظیم وکٹ کیپرزپیدا کیے۔ انہوں نے کہا کہ ایک ہی شہر سے تعلق کے سبب وہ معین خان اور راشد لطیف سے اکثر رہنمائی لیتے رہتے ہیں مگر دونوں سابق کھلاڑیوں کے ساتھ گزری ہر نشست ان کے علم میں اضافہ کا سبب بنتی ہے۔
کھلاڑیوں کے آن لائن لیکچرز مکمل، سابق کرکٹرزنے مفید گر سکھائے
القمر
