وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کا کہنا ہے کہ کورونا وائرس کی وبا کے خلاف لڑنے کے لیے کراچی کو صاف ستھرا رکھنا ہوگا۔ نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کا بذیعہ ویڈیو لنک کنٹری ڈائریکٹر ورلڈ بینک سے اجلاس ہوا جس میں اسلام آباد سے ورلڈ بینک کے کنٹری ڈائریکٹر پیٹچاموتھو الونگوان اپنی ٹیم کے ساتھ شریک تھے۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ کے ساتھ اجلاس میں وزیر توانائی امتیاز شیخ، وزیراعلیٰ سندھ کے کوآرڈینیٹر حارث گذدر، چیئرمین منصوبہ بندی و ترقی محمد وسیم، پرنسپل سیکریٹری، سیکریٹری توانائی، سیکریٹری خزانہ اور سیکریٹری انویسنٹمنٹ شامل تھے۔
اجلاس میں 100 ملین ڈالرز کے سندھ سولڈ ویسٹ مینجمنٹ (ایس ایس ڈبلیو ایم) پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ترجمان وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ یہ پروجیکٹ 5 سالوں میں مکمل ہوگا۔ پروجیکٹ کے تحت 2 گاربج ٹرانسفر اسٹیشن (جی ایس ٹی) ، 2 لینڈ فل سائیٹس کا قیام اور نالوں کی صفائی شامل ہے۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ایس ایس ڈبلوی ایم کے پروجیکٹ سی ڈی ڈبلیو پی سے نئی مہینے منظور کروا کے ورلڈ بینک کو منظوری کے لیے بھیجے گا۔
دوران اجلاس وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ کورونا وائرس کی وبا کے خلاف لڑنے کے لیے کراچی کو صاف ستھرا رکھنا ہوگا، ہم چاہتے ہیں کہ ایسا نظام متعارف کروائیں جس میں مسافر بسوں اور شہر کو ڈس انفیکٹ کرنا ہوگا۔وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ کورونا وائرس کی وبا کے خلاف مزید اقدامات بھی کرنا ہوں گے، اس پروجیکٹ کی لاگت 4.8 ملین ڈالرز ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ پروجیکٹ اُصولی طور پر منظور کیا گیا، صوبے کے دیگر شہروں کو بھی ڈس انفیکٹ رکھنے کے لیے اقدامات کریں گے۔
اجلاس میں ٹڈی دل کے حوالے سے بات کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ کورونا وائرس کے ساتھ ٹڈی دل کا خطرہ بھی بڑھتا جارہا ہے، اس سےفوڈ سکیورٹی کے مسائل پیدا ہو سکتے ہیں۔
ترجمان وزیراعلیٰ سندھ نےکہا کہ ورلڈ بینک کو ٹڈی دل کے خلاف آپریشن میں ٹیکنیکل اور فنانشل مدد ملے گی، ورلڈ بینک نے سندھ حکومت کی مکمل مدد کرنے کی یقین دہانی کروائی۔
