وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کا کہنا ہے کہ صوبے میں پہلی مرتبہ کورونا کا شکار 1924 مریض صحتیاب ہو کر گھروں کو چلے گئے ہیں، افسوس سے بہتر ہے احتیاطی تدابیر پر سختی سے عمل کیا جائے۔ نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق مراد علی شاہ کا کورونا وائرس کی صورتحال سے متعلق اپنے بیان میں کہنا تھا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں 1103 نئے کورونا کے کیسزرپورٹ ہوئے جبکہ کورونا سے متاثرہ 16 مریض انتقال کرگئے۔
تفصیلات کے مطابق انہوں نے بتایا کہ سندھ میں کورونا سے مرنے والوں کی مجموعی تعداد 396 ہوگئی ہے، 227 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے جس میں 39 وینٹی لیٹرز پر ہیں۔ مراد علی شاہ نے بتایا کہ صوبے میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں 4101 ٹیسٹ کئے گئے جس میں 1103 مریض ظاہر ہوئے، ابتک 167906 ٹیسٹ کئے گئے ہیں جس میں 25309 مریض رپورٹ ہوئے۔
سندھ میں اس وقت 13723 مریض زیرعلاج ہیں، 12146 مریض گھروں میں آئیسولیٹ ہیں،661 مریض آئیسولیشن سینٹرز میں زیرعلاج ہیں، 916 مریض مختلف اسپتالوں میں داخل ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ 1103 کیسز میں سے کراچی میں 905 نئے کیسز ظاہر ہوئے، ملیر میں 249، ضلع جنوبی میں 201 اور ضلع شرقی میں175، ضلع وسطی میں131، کورنگی میں 100 اور ضلع غربی میں49 نئے کیسز رپورٹ ہوئے۔
سندھ کے دیگر صوبوں کا کورونا احوال بیان کرتے ہوئے مراد علی شاہ نے بتایا کہ حیدرآباد میں 32، شکارپور میں 21، لاڑکانہ میں 20، سکھر میں 19، گھوٹکی میں18 اور جیکب آباد میں 11 مزید کیسز ظاہر ہوئے۔ جامشورو اور قمبر، شہدادکوٹ میں 7-7، خیرپور میں 4، دادو، میرپورخاص میں 2-2 جبکہ نوشہر و فیروز، سانگھڑ، نوابشاہ اور ٹھٹھہ میں ایک ایک کیس رپورٹ ہوا۔
وزیراعلیٰ سندھ نے عوام سے اپیل کی کہ کیسز کا بڑھنا عوام کی بے احتیاطی کا نتیجہ ہے، جب تک ہم احتیاط نہیں کرینگے اس وبا کو شکست نہیں دی جاسکتی۔
