اسلام آباد (جسارت نیوز) پاکستان کی نامور بین الاقوامی کھلاڑی حنا راجپوت نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت دیگر کھلاڑیوں کی طرح نیٹ بال کے کھلاڑیوں کی بھی حوصلہ افزائی کرے۔ گذشتہ روز میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ملک میں نیٹ بال کے ٹیلنٹ کی کمی نہیں بلکہ وسائل فراہم کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے کھلاڑیوں نے ایشیائی سطح پر میڈلز حاصل کر رکھے ہیں لیکن حکومت نے ابھی تک نیٹ بال کے کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی نہیں کی۔ حنا راجپوت نے وفاقی وزیر برائے بین الصوبائی رابطہ ڈاکٹر فہمیدہ مرزا سے اپیل کی کہ وہ دیگر کھلاڑیوں کی طرح نیٹ بال کے کھلاڑیوں کو بھی انعامی رقوم فراہم کرکے انکی حوصلہ افزائی کرے۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی سطح پر کامیابی حاصل کرنے کیلئے کھلاڑیوں کو بھرپور محنت کرنی چاہیئے اور ٹیم کی فتح میں تجربہ کار کوچ کا بہت اہم کردار ہوتا ہے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ گراس روٹ سطح پر کھیلوں کی ترقی کے لئے تعلیمی اداروں کا بڑا اہم کردار ہوتا ہے۔ کورونا وائرس کی وباء کے حوالے سے ایک سوال کے جواب میں حنا راجپوت نے کہا کہ یہ وبائی بیماری پوری دنیا میں پھیل چکی ہے اور اس سے بچنے کے لئے کھلاڑیوں کو احتیاطی تدابیر پر عمل کرنا چاہیئے اس کے ساتھ ساتھ کھلاڑی گھروں میں رہ کر اپنی فزیکل فٹنس اور خوراک پر توجہ دیں تاکہ ان کی قوت مدافعت پر کوئی فرق نہ پڑے۔
حکومت نیٹ بال کے کھلاڑیوں کی بھی حوصلہ افزائی کرے، حنا راجپوت
القمر
