نئی دہلی (جسارت نیوز) بھارتی کرکٹ ٹیم کے سابق مایہ ناز ا سپنر ہربھجن سنگھ نے کہا ہے کہ بھارت کرکٹ اینڈ کنڑول بورڈ (بی سی سی آئی) قومی کھلاڑیوں کو غیر ملکی لیگ میں حصہ لینے کی اجازت دینی چاہئے۔ تجربہ کار بولر نے بھارت کرکٹنگ بورڈ پر زور دیا کہ وہ ایسا نظام پیش کرے جس کے ذریعے کھلاڑی غیر ملکی لیگز کے لیے اجازت کے لئے درخواست دے سکیں۔ انہوں نے کہا کہ بی سی سی آئی کو کھلاڑیوں کو غیر ملکی لیگ میں کھیلنے کی اجازت دینی چاہئے۔ انہوں نے بی سی سی آئی بورڈ پر زور دیتے ہوئے کہا کہ انکو غیر معاہدہ شدہ کھلاڑیوں کو اجازت دینا ہی ہوگی جن کو بورڈ بھارتی ٹیم میں منتخب نہیں کرنا چاہتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بورڈ کو ایسا نظام بنانا ہوگا کہ جس کھلاڑی نے 50 ٹیسٹ کھیلے ہوں یا جس کی عمر 35 سال سے اوپر ہوگئی ہو کو باہر کھیلنے کی اجازت ہو۔ اس سے قبل آل راؤنڈر سریش رائنا اور سابق فاسٹ بولر عرفان پٹھان نے بھی کہا تھا کہ بی سی سی آئی کو ایسے کھلاڑیوں کو غیر ملکی لیگ کھیلنے کی اجازت دینی چاہئے جو قومی ٹیم میں شامل نہیں یا جن کی عمری کم از کم 30 سال سے زیادہ ہوچکی ہیں۔کرکٹ سے باہر ہونے کے بارے میں بات کرتے ہوئے ، ٹیسٹ کرکٹ میں 417 وکٹیں حاصل کرنے والے اسپنر ہربھجن سنگھ نے کہا کہ اگر کوئی ان کو سائیڈ سے ہٹانے سے پہلے بات کرتا تو معاملات مختلف ہو سکتے تھے۔انہوں نے کہا کہ مجھے ہمیشہ پچھتاوا رہے گا کہ معاملات کو بہتر طریقے سے سنبھالا جاسکتا تھا۔ 100 ٹیسٹ کھیلنا کسی بھی کھلاڑی کے لئے بہت بڑے اعزاز کی بات ہوتی ہے اور میں اس میں خوش قسمت ہوں کہ میں نے اپنے ملک کی طرف کھیلتے ہوئے 103 ٹیسٹ میچز میں اپنے ملک کی نمائندگی کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ میں توقع کے مطابق کارکردگی کا مظاہرہ کررہا تھا لیکن مجھے اس سے بہتر طور پر سنبھالا جاسکتا تھا۔ سائیڈ لائن کرنے کے حوالے سے کوئی مجھ سے بات کرنے نہیں آیا۔ میں دورہ ویسٹ انڈیز سے واپس آیا اور ٹیم سے باہر ہو گیا اور ٹیسٹ کرکٹ میں کبھی دوبارہ منتخب نہیں ہوا۔39 سالہ عمر نے 103 ٹیسٹ ، 236 ون ڈے اور 28 ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میچز کھیلے تھے۔ انہوں نے محدود اوورز کی کرکٹ میں 294 وکٹیں حاصل کیں۔ انہوں نے اپنا آخری ریڈ بال میچ 2015ء میں سری لنکا کے خلاف کھیلا تھا جبکہ ان کا آخری ون ڈے اسی سال جنوبی افریقہ کے خلاف تھا۔ہندوستان کے لئے ان کا آخری کھیل 2016ء کے ایشیا کپ میں متحدہ عرب امارات کے خلاف ٹی ٹوئنٹی تھا۔ تب سے انہیں بھارتی ٹیم کے لئے منتخب نہیں کیا گیا۔
ہربھجن نے کہا کہ وہ کھلاڑی جنہوں نے کرکٹ کو سب کچھ دیا ہے وہ بہتر طریقے سے الوداع کے مستحق ہیں اور انہیں امید ہے کہ نوجوان کرکٹرز کو اس قسم کی صورتحال کا سامنا نہیں کرنا پڑے گا۔ ہربجھن نے کہا کہ میں نے اپنی کھیلی گئی آخری ون ڈے سیریز میں شکست کے باوجود 6 وکٹیں حاصل کیں۔ اس کے بعد ، میں نے کبھی بھارت کے لئے نہیں کھیلا ۔ انہوں نے کہا کہ بورڈ نے میرے ساتھ اچھا معاملہ نہیں کیا تھا اور اس کے بارے میں مستقبل قریب میں تفصیل سے بات کروں گا۔انہوں نے کہا کہ وریندر سہواگ ، گوتم گمبھیر، وی وی ایس لکشمن جیسے اور بہت سارے کھلاڑی بہتر طریقے سے الوداع کے مستحق ہیں۔ انہوں نے بورڈ سے کہا کہ اگر اپنے کھلاڑیوں کا احترام نہیں کریگا تو کوئی بھی کھلاڑی اس کا احترام نہیں کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ میرے ساتھ جو بھی ماضی میں ہوا، مجھے امید ہے کہ وہ کسی اور کھلاڑی کے ساتھ نہیں ہوگا۔
بھارتی بورڈ کھلاڑیوں کو غیر ملکی لیگ کھیلنے کی اجازت دے،ہربھجن سنگھ
القمر
