English Al Qamar Urdu جون 24, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

کورونا وائرس کی وجہ سے بھارتی کرکٹ ٹیم کا دورہ زمبابوے منسوخ

القمر

نئی دہلی(جسارت نیوز) بھارت کرکٹ اینڈ کنڑول بورڈ (بی سی سی آئی) نے کورونا وائرس کے پھیلاؤ کے خدشے کے پیش نظر اپنی قومی ٹیم کا اگست میں شیڈول دورہ زمبابوے منسوخ کر دیا۔ عالمی وبائی بیماری کی وجہ سے بی سی سی آئی نے قومی کرکٹرز کو ابھی تک دوبارہ تربیت شروع کرنے کی اجازت بھی نہیں دی۔ اس اعلان کے ایک روز بعد ہی سری لنکا کرکٹ نے بھی اسی وباء کی وجہ سے جون جولائی میں بھارت کا محدود اوورز کا دورہ غیر معینہ مدت تک کے لئے ملتوی کرنے کا اعلان کر دیا تھا۔ بی سی سی آئی کے سیکریٹری جے شاہ نے بیان میں کہا ہے کہ کووڈ۔19 کے پھیلاؤ کے موجودہ خطرے کی وجہ سے بھارتی کرکٹ ٹیم سری لنکا اور زمبابوے کا سفر نہیں کرے گی۔ جے شاہ نے کہا کہ پہلے بھارتی ٹیم 22 اگست 2020ء سے شروع ہونے والے3 ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی میچوں پر مشتمل سیریز اور اسکے بعد زمبابوے کے خلاف 3 ون ڈے میچوں کے لئے سفر کرنے والی تھی۔ انہوں نے کہا کہ اس وبا کی وجہ سے بھارت میں 8500 سے زیادہ اموات ہو چکی ہیں جبکہ قریب3 لاکھ کورونا وائرس کیس رپورٹ ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان حالات میں بھارتی ٹیم کی تربیت دوبارہ شروع کرنا بہت مشکل ہے، حالات بہتر ہونے کے انتظار میں ہیں تاہم انہوں نے کہا کہ ٹیم کا تربیتی کیمپ جولائی سے پہلے ہونے کا کوئی امکان نہیں ہے۔ ٹیم کے معاون عملے کے مطابق سیریز میچ کے لئے کھلاڑی کے تیار ہونے میں لگ بھگ 6 ہفتے لگ سکتے ہیں۔ جے شاہ نے کہا کہ ٹیم کا تربیتی کیمپ کا انعقاد حکومت کی اجازت سے مشروط ہے اور حکومت اجازت تب ہی دے گی جب کھیل اور کھلاڑی دونوں کے لئے ماحول محفوظ ہوگا۔ جے شاہ نے کیمپ کے حوالے سے مزید کہا کہ بی سی سی آئی اپنے معاہدہ شدہ کھلاڑیوں کے لئے صرف اس وقت ایک کیمپ لگائے گی جب باہر تربیت کرنا مکمل طور پر محفوظ ہوگا۔ بی سی سی آئی نے بین الاقوامی اور ڈومیسٹک کرکٹ کی بحالی کے لئے اقدامات کرنے کا تہیہ کر رکھا ہے لیکن اس کے لئے وہ کوئی فیصلہ کرنے میں جلد بازی نہیں کریگا۔
جو کورونا وائرس کے پھیلاؤ پر قابو پانے میں کی جانے والی مرکزی اور ریاستی حکومتوں اور متعدد دیگر متعلقہ ایجنسیوں کی کوششوں کو خطرے میں ڈال دے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ بی سی سی آئی ملک میں کووڈ۔19 کی صورتحال پر مسلسل نگرانی کر رہا ہے اور حکومتی تمام رہنما خطوط پر غور کرنے کے بعد کریکٹنگ سرگرمیوں کو دوبارہ شروع کرنے پر زور دے گی۔ واضح رہے کہ بھارتی ٹیم آخری مرتبہ جنوبی افریقا کے خلاف ہوم ون ڈے سیریز میں ایکشن میں نظر آئی تھی ، جسے بڑھتے ہوئے کورونا وائرس کے پھیلاؤ کے خطرے کے باعث پہلے میچ کے بعد ہی ملتوی کر دیا گیا تھاجبکہ سیریز کا پہلا میچ بھی بارش کی نذر ہوگیا تھا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے