اسلام آباد (جسارت نیوز) پاکستان فٹ سال فیڈریشن کے سینئر نائب صدر عدنان احمد ملک نے کہا ہے کہ ملک میں فٹ سال کی تمام سرگرمیاں رواں سال اکتوبر تک معطل کر دی گئی ہیں۔ گزشتہ روز میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان فٹ سال فیڈریشن نے ملک میں تیزی سے پھیلنے والی کورونا وائرس کی وباء کے باعث تمام فٹ سال کی سرگرمیوں کو معطل کرنے کا فیصلہ کیا ہے، جن میں مردوں کی قومی فٹ سال چیمپئن شپ، خواتین کی قومی فٹ سال چیمپئن شپ، ریفریز اینڈ کوچنگ کورس، بوائز اینڈ گرلز جونیئر فٹ سال چیمپئن شپ اور بین الصوبائی فٹ سال چیمپئن شپ کا انعقاد شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان ایونٹس کی نئی تاریخوں کا اعلان ستمبر میں کیا جائے گا۔ عدنان ملک نے بتایا کہ اس سلسلہ میں تمام تمام متعلقہ صوبائی اور ریجنل ایسوسی ایشنوں اور محکموں کو ہدایات جاری کر دی گئی ہیں کہ وہ بھی اپنی اپنی فٹ سال کی سرگرمیاں ملک میں پھیلتی ہوئی کورونا وائرس کی وباء کے باعث رواں سال اکتوبر تک معطل کر دیں۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب فٹ سال ایسوسی ایشن نے اپنی فٹ سال کے ایونٹس تمام سرگرمیاں پہلے ہی معطل کر دی ہیں۔
پاکستان فٹ سال کی تمام سرگرمیاں اکتوبر تک معطل
القمر
