اسلام آباد(جسارت نیوز)کرکٹ سمیت کھیلوں میں کرپشن کے خلاف قانون سازی ککیلئے بل قومی اسمبلی میں جمع کروا دیا گیا،بل ایم کیو ایم پاکستان کے رکن اقبال محمد علی کی جانب سے جمع کروایا گیا۔بل کے تحت کھلاڑی پرالزام ثابت ہونے پر 10سال قید اور 10 کروڑ روپے جرمانے کی سزا کی تجویز دی گئی ہے،ملوث فرد اور فیملی کی جائیداد بھی ضبط ہو سکے گی، تحقیقات کیلئے خصوصی ایجنسی قائم کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔ بل میں مطالبہ کیا گیا کہ کرکٹ سمیت کھیلوں میں کرپشن کرنے والوں کو گرفت میں لانے کیلیے قانون سازی کی جائے۔پیسے یا کسی مفاد کیلئے براہ راست یا بالواسطہ کھیل کا دامن داغدار کرنے والوں کیخلاف کریمنل ایکٹ کے تحت تحقیقات کیلیے ایک خصوصی ایجنسی قائم کی جائے جسے متعلقہ اداروں سے مطلوبہ ڈیٹا حاصل کرنے کی اجازت ہو، کسی پر الزام ثابت ہوجائے تو اسے10 سال قید کی سزا یا 10 کروڑ روپے جرمانہ یا دونوں سزائیں ایک ساتھ دی جائیں۔اسی طرح اسپورٹس اداروں میں سے کوئی ملوث ہو تو اسے3 سال سزا یا 2لاکھ روپے جرمانہ یا دونوں سزائیں دی جائیں، کرپشن سے ہاتھ آلودہ کرنے والے امپائرز، میچ ریفریز اور کیوریٹرز کی ہر خلاف قانون سرگرمی کو بھی مجرمانہ فعل قرار دیا جائے،سٹے بازوں کی مدد کیلیے راز افشا کرنے والوں کو بھی سزائیں دی جائیں، کرپشن کی ترغیب دلانے، اکسانے والوں اور سہولت کاروں پر بھی اسی سزا کا اطلاق ہو جو کھلاڑیوں کیلیے تجویز کی گئی ہے،تحقیقات میں عدم تعاون،حقائق مسخ، غلط دستاویزات پیش کرنے یا ثبوت مٹانے والوں کو بھی 3 سال قید اور 2 لاکھ روپے جرمانہ یا دونوں سزائیں دی جائیں۔غلط الزام لگانے والوں کو بھی ایک سال سزا یا ایک لاکھ روپے جرمانہ یا دونوں سزائیں ایک ساتھ دی جائیں، الزام ثابت ہونے پر ملوث فرد اور فیملی کی جائیداد بھی ضبط ہو سکے گی۔بل کے مقاصد وضع کرتے ہوئے بتایا گیاکہ کوئی قانون نہ ہونے کی وجہ سے اسپورٹس تنظیمیں ایک مخصوص حد تک کارروائی اور تحقیقات کرسکتی ہیں،کریمنل ایکٹ پاس ہونے کے بعد قانون نافذ کرنے والے ادارے باہمی تعاون کی فضا میں کرپٹ عناصر کیخلاف بہتر تحقیقات اور موثر کارروائی کرسکتے ہیں۔
کھیلوں میں کرپشن کے خلاف بل قومی اسمبلی میں جمع
القمر
