کراچی(اسٹاف رپورٹر)پاکستان کرکٹ بورڈ(پی سی بی) نے ڈومیسٹک کرکٹرز کو دی جانے والی رقم دگنی کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور بہترین کارکردگی دکھانے والوں کو علیحدہ کنٹریکٹ دیے جائیں گے۔پی سی بی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر وسیم خان نے بورڈ کے 5سالہ منصوبے کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ اس سال ورلڈ ٹی20 کا انعقاد مشکل نظر آتا ہے اور یہ کھیل اور ہمارے لیے مالی طور پر بڑا نقصان ہو گا۔انہوںنے کہاکہ جیسا کہ آپ جانتے ہیں کہ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل(آئی سی سی) ٹورنامنٹس کے بعد اراکین کو اچھی رقم ملتی ہے تاہم ورلڈ ٹی20 غیریقینی ہونے کی وجہ سے ہم ہنگامی منصوبے پر کام کر رہے ہیں، ہم بدترین صورتحال کے بارے میں سوچ کر پہلے سے منصوبہ بندی کر رہے ہیں اور اپنے اخراجات اور بجٹ کو کم کر رہے ہیں، ہم ڈومیسٹک اور ویمن کرکٹ پر سمجھوتہ نہیں کریں گے۔انہوں نے کہا کہ اگلے ڈومیسٹک سیزن میں ہم کھلاڑیوں کے لیے رقوم دگنی کردیں گے اور ڈومیسٹک کرکٹ میں اچھی کارکردگی دکھانے والے کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کیلئے ایک نئی کیٹیگری بھی متعارف کرائیں گے۔
پاکستان کرکٹ بورڈکا ڈومیسٹک کرکٹرز کو دی جانے والی رقم دگنی کرنے کا فیصلہ
القمر
