لاہور(جسارت نیوز ) قومی کرکٹ ٹیم کے 20 کھلاڑیوں اور 11 رکنی اسپورٹ اسٹاف پر مشتمل اسکواڈ آج صبح چارٹرڈ فلائٹ کے ذریعے مانچسٹرروانہ ہوگا، قومی اسکواڈ کواگست،ستمبر میں میزبان انگلینڈ کیخلاف 3 ٹیسٹ اور3 ٹی ٹوئنٹی میچوں پر مشتمل سیریز کھیلنی ہے۔ترجمان پی سی بی کے مطابق مانچسٹر پہنچنے کے بعد قومی اسکواڈ وورسٹرشائر روانہ ہوگاجہاں انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ کے زیراہتمام کھلاڑیوں کی ٹیسٹنگ کی جائیگی، اس دوران قومی اسکواڈ 14 روز تک قرنطینہ میں گزاریں گے تاہم یہاں انہیں پریکٹس اور ٹریننگ کی اجازت ہوگی، اس کے بعد قومی ٹیم 13 جولائی کو ڈربی شائر روانہ ہوجائیگی۔ترجمان نے کہاکہ خو ش آئند بات یہ ہے کہ کوویڈ 19 ٹیسٹنگ کے پہلے مرحلے میں 18 کھلاڑیوں اور 11 رکنی اسپورٹ اسٹاف کے ٹیسٹ منفی آئے تھے اور اب ان سب کی ری ٹیسٹنگ کی رپورٹ بھی منفی آئی ہے،دیگر3 ریزرو کھلاڑیوں کے علاوہ پاکستان انڈر19 کرکٹ ٹیم کے کپتان اور وکٹ کیپر روحیل نذیر اور فاسٹ باؤلر موسیٰ خان کے کے کوویڈ 19 ٹیسٹ کے نتائج بھی منفی آئے ہیں،ان دونوں کھلاڑیوں کو انگلینڈ روانہ ہونے والے پہلے گروپ میں شامل کرلیا گیا ہے، انگلینڈ روانہ ہونے والا پاکستان کا پہلا گروپ جن کھلاڑیوں اورسپورٹ اسٹاف پر مشتمل ہے ان میں کرکٹرز میں اظہر علی (کپتان)، بابراعظم(نائب کپتان)، عابدعلی، اسد شفیق، فہیم اشرف، فواد عالم، افتخار احمد، عماد وسیم، امام الحق، خوشدل شاہ، محمد عباس، موسیٰ خان، نسیم شاہ، روحیل نذیر، سرفراز احمد، شاہین شاہ آفریدی، شا ن مسعود، سہیل خان، عثمان شنواری اور یاسر شاہ شامل ہیں‘بائیں ہاتھ کے اسپنر ظفر گوہر، جنہوں نے 2015 میں ایک ون ڈے انٹرنیشنل میچ کھیلا، وہ انگلینڈ میں ٹیم کو جوائن کرینگے۔سپورٹ اسٹاف میں منصور رانا (منیجر)، مصباح الحق (ہیڈکوچ)، یونس خان(بیٹنگ کوچ)، مشتاق احمد (اسپن بولنگ کوچ)، شاہد اسلم (اسسٹنٹ کوچ)، عبدالمجید (فیلڈنگ کوچ)، طلحہٰ بٹ(ٹیم اینالسٹ)، یاسر ملک (اسٹرینتھ اینڈ کنڈیشنگ کوچ)، ڈاکٹر سہیل سلیم (ٹیم ڈاکٹر)، لیفٹنٹ کرنل ریٹائرڈ عثمان انوری (سیکورٹی منیجر) اور رضاکیچلو(میڈیا اینڈ ڈیٹیجٹل کنٹینٹ منیجر) شامل ہیں،کلف ڈیکن اور وقار یونس بالترتیب جنوبی افریقااور آسٹریلیا سے انگلینڈ میں ٹیم کو جوائن کرینگے جبکہ شعیب ملک کی 24 جولائی کو روانگی متوقع ہے۔اسپورٹس سائنسز کے ماہرین اور برطانوی حکومت کے قوانین کے مطابق پی سی بی کے ٹیسٹنگ کے عمل کے دوران اسکواڈ میں شامل جن اراکین کے ٹیسٹ مثبت آئے وہ آج سفر نہیں کرسکیں گے تاہم جونہی ان کے 2 منفی ٹیسٹ آئیں گے تو انہیں انگلینڈ بھیج دیا جائیگا۔ترجمان نے کہا کہ 4 ریزرو کھلاڑیوں کے کوویڈ 19 ٹیسٹ بدھ کو ہوئے تھے، ان میں سے عمران بٹ کا ٹیسٹ مثبت جبکہ بلال آصف، محمد نواز اور موسیٰ خان کے ٹیسٹ منفی آئے ہیں۔ پی سی بی کے ٹیسٹنگ پروگرام کے پہلے مرحلے میں مثبت آنے والے 10 کھلاڑی اور ایک ٹیم آفیشل کی ری ٹیسٹنگ کے دوران فخر زمان،محمد حسنین، محمد حفیظ، محمد رضوان،شاداب خان اور وہاب ریاض کے ٹیسٹ کے نتائج منفی آئے ہیں، اب انہیں ٹیسٹنگ کے تیسرے مرحلے سے گزرنا پڑے گاجوکہ آئندہ ہفتے کسی وقت ہوگی،دوسرا ٹیسٹ منفی آنے پر دونوں کھلاڑیوں کی انگلینڈ روانگی کے لیے انتظامات کیے جائیں گے۔ترجمان کا کہنا تھا کہ ری ٹیسٹ میں بھی جن کھلاڑیوں کے ٹیسٹ مثبت آئے ہیں ان میںحیدر علی، حارث رؤف، کاشف بھٹی اور عمران خان شامل ہیں،ان 4 کھلاڑیوں کے علاوہ واحد ٹیم آفیشل مساجر ملنگ علی کا ٹیسٹ بھی ایک مرتبہ پھر مثبت آیاہے،پی سی بی میڈیکل پینل کی جانب سے ان4 کھلاڑیوں، مساجر ملنگ علی اور بیٹسمین عمران بٹ کو فوری طور پر سخت قرنطینہ میں جانے کی ہدایت کردی گئی ہے، ماضی کی طرح پی سی بی کا میڈیکل پینل ان کی مکمل رہنمائی اور مدد کرتا رہیگا،ان کھلاڑیوں کے اب ٹیسٹ ان کی قرنطینہ کی مدت مکمل ہونے کے بعد لیے جائیں گے، 2 مرتبہ ٹیسٹ کے نتائج منفی آنے کی صورت میں انہیں انگلینڈ روانہ کیا جائیگا۔
