لندن /کراچی(اسٹاف رپورٹر+ جسارت نیوز) قومی کرکٹ ٹیم کے اسکواڈ کی انگلینڈ میں کوویڈ 19ٹیسٹنگ کا عمل مکمل کرلیا گیا، اسکواڈ میں شامل 20 کھلاڑیوں اور 12 ٹیم آفیشلز کے ٹیسٹ ای سی بی کے میڈیکل پینل نے لیے۔تفصیلات کے مطابق قومی ٹیم انگلش کھلاڑیوں سے سیریز کھیلنے کے لیے انگلینڈ پہنچ چکی ہے، ہوٹل میں آرام کے بعد کرکٹرز اور آفیشلز کے کروناٹیسٹ لے گئے، پاکستان سے برطانیہ روانہ ہونے والے اسکواڈ کے علاوہ باولنگ کوچ وقار یونس کی بھی ٹیسٹنگ کی گئی۔ممکنہ طور پر کرونارپورٹس جلد آجائیں گی، اسکواڈ اور آفیشلز کے مرحلہ وار کروناٹیسٹنک کا عمل دورہ انگلینڈ مکمل ہونے تک جاری رہے گا۔ خیال رہے گزشتہ رات گرین شرٹس مانچسٹر پہنچی تھیں جس کے بعد اب وہ ووسٹر میں قیام پذیر ہیں۔ٹیم 14دن تک ووسٹر کرکٹ اسٹیڈیم سے ملحقہ ہوٹل میں قرنطینہ میں رہے گی، قومی کرکٹ ٹیم 13جولائی سے پریکٹس شروع کرے گی، ممکنہ طور پر تمام کھلاڑیوں کا ہر 4 سے 6 دن بعد کروناٹیسٹ لیا جاتا رہے گا۔پاکستان میں جن کھلاڑیوں میں کورونا وائرس کی علامات پائی گئی تھیں ، لاہور میں ان کا تیسرا ٹیسٹ بھی لے لیا گیاان میں محمدحفیظ، وہاب ریاض، محمدرضوان، محمدحسنین، فخر زمان اور شاداب خان شامل ہیں۔ اس کی رپورٹس ملنے کے بعد دورہ انگلینڈ سے متعلق حتمی رائے سامنے آئے گی، ذرائع کا کہنا ہے کہ ٹیسٹنگ نیگیٹیو آنے پر پی سی بی کھلاڑیوں کو انگلینڈ بھجوانے کے انتظامات کرے گا، کھلاڑی مقامی ہوٹل کے بائیو سیکیور ماحول میں قیام کریں گے۔خیال رہے کہ محمد حفیظ ان کھلاڑیوں میں شامل تھے جن کا پی سی بی کی جانب سے کیے گئے کرونا ٹیسٹ کے دوران نتیجہ مثبت آیا تھا تاہم اس کے اگلے ہی دن انہوں نے انکشاف کیا تھا کہ کرونا وائرس کا ٹیسٹ منفی آیا۔بعد ازاں پی سی بی نے محمد حفیظ سمیت دیگر کھلاڑیوں کا 3مرتبہ کرونا ٹیسٹ کرانے کا فیصلہ کیا تھا۔
انگلینڈ پہنچنے والے قومی کرکٹرز کے کورونا ٹیسٹ
القمر
