English Al Qamar Urdu جون 24, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

اسپورٹس آرگنائزرسیاست کے بجائے کھیلوں پرتوجہ دیں،نزاکت علی

القمر

کراچی (اسٹاف رپورٹر) قومی سائیکلنگ ٹیم کے کوچ سردار نزاکت علی نے کہا ہے کہ ملک میں اسپورٹس آرگنائزر سیاست کے بجائے کھیلوں کی سرگرمیوں پر توجہ دیں تو کھیلوں میں بہتری آسکتی ہے۔ گذشتہ روز سرکاری خبررساں ادارے سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ملک میں گراس روٹ سطح پرکھیلوں کی اکیڈمی بنائے بغیر کھیلوں کی ترقی ناممکن ہے اور ا سپورٹس تنظیموں کے عہدیدار کو سیاست ختم کرکے کھیلوں کی ترقی کے لئے اپنا، اپنا بھر پور کردار ادا کرنا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ کوئی بھی کھیل حکومتی اور ا سپانسر کی سرپرستی کے بغیر ملک میں ترقی نہیں کر سکتا، اسپانسر کی طرف سے کرکٹ کے علاوہ دوسرے کھیلوں پر بھی توجہ دینے کی ضرورت ہے۔ پاکستان سائیکلنگ فیڈریشن کو سالانہ گرانٹ نہ ملنے کے حوالے سے ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ سائیکلنگ کا کھیل کافی عرصہ پرانا ہے اور 1948ء کے قومی کھیلوں کے مقابلوں میں اس کو بھی شامل کیا گیا تھا اور اس کھیل کا دیہاتی سطح پر بے پناہ ٹیلنٹ موجود ہے جبکہ بین الاقوامی سطح پر اس کھیل میں میڈلز بھی آ رہے ہیں تو حکومت کو دوسری فیڈریشن کے ساتھ ساتھ سائیکلنگ فیڈریشن کو سالانہ گرانٹ دینی چاہئے تھی۔ فیڈریشن تو پہلے ہی اپنی مدد آپ کے تحت کافی ایونٹ منعقد کروا رہی ہے، حکومت کو انڈور سہولیات کے لئے ویلوڈروم بنانے کی ضرورت ہے۔ کھیلوں میں سیاست کے حوالے ایک سوال کے جواب میں سردار نزاکت علی نے کہا کہ قومی سائیکلنگ ٹیم کے کھلاڑیوں نے ایشیائی سطح کے علاوہ سائوتھ ایشین گیمز میں بھی میڈلز حاصل کر رکھے ہیں لیکن بدقسمتی سے پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن نے اپنی انا کی خاطر سائیکلنگ کے کھلاڑیوں کو سیاست کی نذر کرتے ہوئے نیپال میں کھیلی گئی سائوتھ ایشین گیمز میں نہ بھیج کر نہ صرف عہدیداروں اور کھلاڑیوں کے ساتھ بلکہ ملک و قوم کے ساتھ نا انصافی کی ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے