English Al Qamar Urdu جون 23, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

کراچی : ٹرانسپورٹرز نے سپرہائی وے بلاک کردی

کراچی کے علاقے سہراب گوٹھ میں ٹرانسپورٹرز نے احتجاج کرتے ہوئے سپرہائی وے کے دونوں ٹریک بند کردیے جس اب کھول دیا گیا ہے۔ نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق ٹرانسپورٹرز کی جانب سے بین الصوبائی بس سروس کی بحالی کے لیے احتجاج کیا گیا۔ ٹریفک پولیس کا کہنا ہے کہ سپر ہائی وے پر ہونے والا احتجاج ختم ہو گیا ہے جس کے بعد کراچی سے حیدرآباد دونوں اطرف کی سڑک اب ٹریفک کے لیے کھول دی گئی ہے۔

ٹریفک پولیس کے مطابق احتجاج کے باعث دونوں اطراف کی سڑک ٹریفک کے لیے بند رہی اور اس دوران کراچی سے حیدرآباد جانے والی ٹریفک کو واپس سہراب گوٹھ کی طرف بھیجا گیا۔ ٹرانسپورٹرز نے مطالبہ کیا ہے کہ کراچی میں 7 ہزار بسیں 24 گھنٹے چل رہی ہیں اس لیے بین الصوبائی ٹرانسپورٹ کھولنے کی بھی اجازت دی جائے۔ مظاہرین کا کہنا ہے کہ وہ مالی مسائل سے دوچار ہیں، سندھ حکومت رحم کرے اور ضابطہ کار کے تحت بس سروس بحال کرنے کی اجازت دے۔

مظاہرے میں شریک پاکستان تحریک انصاف کے رہنما عالمگیر خان کا کہنا ہے کہ حکومت سندھ کو چاہیے کہ ٹرانسپورٹرز کے مسائل فوری حل کرے، حکومت سندھ کا غیر سنجیدہ رویہ ٹرانسپورٹرزکے مسائل میں اضافہ کررہاہے۔

خیال رہے کہ سندھ حکومت نے کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے بین الصوبائی، انٹر سٹی اور انٹرا سٹی ٹرانسپورٹ سروس پر پابندی عائد کردی تھی تاہم اب شہروں میں پبلک ٹرانسپورٹ کی اجازت دے دی گئی ہے تاہم صوبے سے باہر پبلک ٹرانسپورٹ کے جانے اور آنے پر پابندی برقرار ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے