وفاقی حکومت نے مشیر خزانہ عبدالحفیظ شیخ کو قومی مالیاتی کمیشن سے نکال دیا۔ نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق قومی مالیاتی کمیشن کے خلاف مسلم لیگ ن کے رہنما خرم دستگیر کی جانب سے دائر درخواست پر اسلام آبادہائیکورٹ میں سماعت ہوئی تو اٹارنی جنرل نے عدالت کو بتایا کہ جس نوٹی فکیشن کو چیلنج کیا گیا وہ حکومت نے واپس لے لیا تھا اور حکومت نے اب نیا نوٹی فکیشن جاری کردیا ہے جس سے پہلا نوٹی فکیشن غیرمؤثر ہوگیا، اب نئے نوٹی فکیشن کے مطابق مشیرخزانہ کو کمیشن میں شامل نہیں کیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق جسٹس عامر فاروق نے درخواست گزار سے کہا کہ آپ نے اپنے کیس میں جو استدعا کی اس پر عمل ہو گیا، کمیشن کے نئے نوٹیفکیشن کے بعد آپ کی درخواست غیر موثر ہوگئی۔ اسلام آباد ہائی کورٹ نے مسلم لیگ نون کی درخواست نمٹا دی۔
اس موقع پر محسن شاہنواز رانجھا نے کہا کہ ہمارا اعتراض تھا کہ ہم سے مشاورت کے بغیرمالیاتی کمیشن تشکیل دیا گیا لیکن ہماری یہ کامیابی ہے کہ حکومت کو ہم نے آئین کے تحت کام کرنے پرمجبور کیا۔

