اسلام آباد: محکمہ موسمیات نے رواں ہفتے شہر قائد اور گرد و نواح میں مون سون کی تیسری بارش کی پیش گوئی کی ہے۔ نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق چیف میٹرولوجسٹ سردار سرفراز نے کہا ہے کہ 24 جولائی کو بھارتی ریاست گجرات میں ہوا کا کم دباؤ بن سکتا ہے، ہوا کا کم دباؤ بعدازاں مون سون کی بارشوں کا سبب بنے گا، مون سون کی تیسری بارش کا سبب بننے والا یہ سلسلہ 25 جولائی کو رن آف کچھ بھارت سے سندھ میں داخل ہونے کا امکان ہے۔ جس کے تحت کراچی میں 25 سے 26 جولائی کے درمیان بارش ہونے کی توقع ہے، بارش کا یہ سلسلہ سمندر کی جنوب مغربی ہواؤں کو بھی متاثر کرسکتا ہے۔
تفصیلات کے مطابق سردار سرفراز نے کہا کہ ملک میں مون سون سیزن جولائی سے ستمبر کے درمیان ہوتا ہے، جس کے دوران مزید کئی سلسلے بارش کا سبب بنیں گے۔
واضح رہے کہ محکمہ موسمیات نے رواں برس کراچی سمیت سندھ میں اوسطاً 20 فیصد زائد بارشوں کی پیش گوئی کررکھی ہے جب کہ گزشتہ برس بھی خلاف توقع زائد بارشیں ہوئی تھیں۔

