کراچی(اسٹاف رپورٹر)نائب امیر جماعت اسلامی کراچی اسامہ رضی نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی جیسی اجتماعیت اس دور میں اللہ تعالیٰ کی بہت بڑی نعمت ہے ،جماعت اسلامی نے اس شہر کراچی میں غیر معمولی طور پر کھالیں جمع کی ہیں، ضلع شمالی میں بھی اضافہ ہوا ہے ،لوگوں کی نظریں جماعت اسلامی کی طرف لگی ہوئی ہیں۔جب کراچی کے حالات بدلتے ہیں تو اس ملک کے سیاسی حالات بھی بدلتے ہیں۔ان خیالات کا اظہار گلشن معمار میں چرم قربانی اور اجتماعی قربانی میں کام کرنے والے کارکنان کے اعزاز میں گاڈان سٹی پر خطاب کرتے ہوئے کیا ۔انہوں نے کہا کہ ہماری لڑئی کسی ادارے سے نہیں ہے سب محبت وطن قوت ہیں، جماعت اسلامی سے زیادہ اس ملک کا وفادار،محبت اور دفاع کرنے والا کوئی دوسرا ادارہ نہیں ہے ۔شہر کراچی مسائل اور بحرانوں کے دلدل میں پھنساہوا ہے، جماعت اسلامی ہی ملک کو تباہی کے گڑھے سے نکال سکتی ہے۔اسامہ رضی کا کہنا تھا کہ آئندہ بلدیاتی انتخابات چیلنج ہیں، ہم نے جس طرح مختلف مہموں میں کام کیا ہے ،اس سے بڑھ کر بلدیاتی انتخابات میں کام کر نا ہے۔اس موقع پر محمد یوسف امیر جماعت اسلامی ضلع شمالی نے کہا کہ عوام مایوسی کا شکار ہیں، ملکی صورتحال بدامنی، مہنگائی،لوٹ مار اور قتل وغارت کی وجہ سے گمبھیر ہوگئی ہے۔اس مشکل وقت سے عوام کو صرف جماعت اسلامی ہی نکال سکتی ہے، کارکنان عوام کے سامنے جماعت اسلامی کومتبادل کے طور پر پیش کریں۔
