اپوزیشن کی دو بڑی جماعتوں مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی کی قیادت نے تحریک انصاف حکومت کی حکومت کی دو سالہ کارکردگی کو بدترین قرار دے دیا۔ نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف نےکہا ہے کہ پی ٹی آئی حکومت کا دو سالہ دور بلا امتیاز تباہی رہا، عوام اس سیاسی انجینئرنگ اور ناکام تجربے کا بھاری نقصان اُٹھا رہے ہے۔
تفصیلات کے مطابق انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی حکومت میں معاشی پالیسی اور خارجہ پالیسی سے لے کر گورننس اور دیگر قومی معاملات تک ہر جگہ بےانتظامی نظر آتی ہے۔
دوسری طرف چیئرمین پی پی بلاول بھٹو زرداری نےکہا کہ اقتدار کے دو برس میں عمران خان نے تاریخ کی بدترین معیشت اور ناکام خارجہ پالیسی دی۔ ان کا کہنا تھا کہ کشمیر سے سعودی عرب تک عمران خان کی خارجہ پالیسی ناکام رہی، ان دوسالوں میں جمہوریت اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں کی گئیں، بے روزگاری بلند ترین سطح پر چلی گئی۔
پی پی چیئرمین نے مزید کہا کہ ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل کے مطابق عمران حکومت میں کرپشن میں پہلے سے زیادہ اضافہ ہوا۔

