کوئٹہ: نیشنل پارٹی کےرہنما سینیٹر میر حاصل خان بزنجو انتقال کرگئے۔ نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق ترجمان نیشنل پارٹی جان بلیدی کے مطابق میرحاصل بزنجو وفاقی وزیر بھِی رہے ہیں اور وہ گذشتہ کچھ مہینوں سے پھیپھڑوں کے سرطان میں مبتلا تھے۔
تفصیلات کے مطابق جان بلیدی نے بتایا کہ حاصل خان بزنجو کو آج طبیعت کی خرابی کےباعث نجی اسپتال میں داخل کیا گیا تھا جہاں ان کا انتقال ہوگیا۔ نیشنل پارٹی کے رہنما میر حاصل بزنجو کو کل خضدار میں سپرد خاک کیا جائے گا، میت خضدار میں ان کے آبائی گاؤں نال لے جائی جائے گی، نماز جنازہ کل شام 5 بجے نال میں ہی ادا کی جائے گی۔
ترجمان نیشنل پارٹی کے مطابق حاصل بزنجو کی میت کل صبح کراچی سے لے کرروانہ ہوں گے، میر حاصل بزنجو کا ایک بیٹا اور ایک بیٹی ہے، دونوں اسپتال پہنچ گئے ہیں۔
خیال رہے کہ میر حاصل خان بزنجو گزشتہ سینیٹ الیکشن میں اپوزیشن جماعتوں کے چیئرمین سینیٹ کیلئے متفقہ امیدوار تھے تاہم ان کے مقابلے میں حکومتی امیدوار صادق سنجرانی نے کامیابی حاصل کی تھی۔

