سائوتھ ہیمپٹن(جسارت نیوز) انگلینڈ کے سابق کپتان ناصر حسین نے کہا ہے کہ میرے لئے سیریز کا بہترین لمحہ میچ کے دوران پاکستانی کھلاڑیوں کا زیک کرولی کو جا کر مبارکباد دینا تھا۔ پاکستان کو انگلینڈ کے خلاف3 میچوں کی سیریز میں 1-0 کی شکست کا سامنا کرنا پڑا مگر غیر ملکی کرکٹ ماہرین اور تجربہ کار کرکٹرز متفق ہیں کہ پاکستان ٹیسٹ کرکٹ ٹیم نے سیریز میں عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے، انہوں نے مجموعی طور پر پاکستان کی کارکردگی کو متاثر کن قرار دیا ہے۔ انگلینڈ کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان ناصر حسین، آسٹریلیا کے سابق لیگ ا سپنر شین وارن، جمیکا کے سابق فاسٹ بولر مائیکل ہولڈنگ، انگلینڈ کے سابق کپتان مائیکل ایتھرٹن اور انگلینڈ کی سابق کرکٹر ایشا گوہا نے پی سی بی ڈیجٹل سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے سیریز میں اپنے یادگار لمحات، کرکٹ کے معیار اور بائیو سیکیور ماحول میں کھیل کے مختلف مراحل پر اظہار خیال کیا ہے۔ انگلینڈ کے سابق کپتان ناصر حسین نے کورونا وائرس کے باوجود پاکستان کی آمد پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان ٹیم کی ایک ایسے ماحول میں انگلینڈ آمدکہ جب یہاں کووڈ۔19 کی وبا پھیل رہی تھی، یقیناً ایک قابل ستائش عمل ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس سیریز کے دوران پاکستان نے بہت اچھی کرکٹ کھیلی مگر شاہد اس ٹیم میں ایک بیٹسمین کی کمی رہ گئی۔ آسٹریلیا کے سابق لیگ اسپنر شین وارن کا کہنا تھا کہ انہیں پاکستان کو انگلینڈ میں کھیلتا دیکھ کر بہت خوشی ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ مہمان ٹیم کو پہلا ٹیسٹ لازمی جیتنا چاہئے تھا مگر مجموعی طور پر اظہر علی کی قیادت میں پاکستان کی شاندار ٹیم نے بہتر کھیل پیش کیا، ا سپنر یاسر شاہ اور نوجوان فاسٹ بولرز شاہین شاہ آفریدی اور نسیم شاہ نے متاثرکن کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ شین وارن نے کہا کہ مشکل کنڈیشنز اور انگلینڈ کی مضبوط بولنگ لائن اپ کے سامنے بہتر کھیل پیش کرنے والی پاکستان ٹیسٹ کرکٹ ٹیم کا مستقبل روشن ہے۔سابق فاسٹ بولر مائیکل ہولڈنگ کا کہنا ہے کہ اس سیریز میں چند ایسے مواقع آئے جہاں پاکستان نے بہت اچھا کھیل پیش کیا، یہاں تک کہ پاکستان کرکٹ ٹیم پہلا ٹیسٹ جیتنے کی پوزیشن میں تھی مگر وہ فتح سمیٹنے میں کامیاب نہ ہوسکی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے فاسٹ بولرز نے انہیں متاثر کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اس دوران بائیو سیکیور ماحول میں مسلسل رہنا اور بہترین کرکٹ کھیلنا آسان نہیں تھا۔ مائیکل ایتھرٹن نے کہا کہ اس سیریز کے دوران پاکستان کے کئی مثبت پہلو اجاگر ہوئے، جیسا کہ اظہر علی کا آخری ٹیسٹ میچ میں بھرپور مزاحمت کرتے ہوئے شاندار اننگز کھیلنا اور چند بہترین فاسٹ بولرز کی نمایاں کارکردگی شامل ہے۔ انگلینڈ کی سابق کرکٹر ایشا گوہا نے کہا کہ سیریز کے پہلے ٹیسٹ میں پاکستان نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کیا، یہاں تک کہ پاکستان کی فتح یقینی تھی مگر کرس ووکس اور جوز بٹلر کی شاندار اننگز نے اس میچ کا پانسہ پلٹ دیا۔
غیر ملکی کرکٹ ماہرین قومی ٹیم کی کارکردگی سے مطمئن
القمر
