English Al Qamar Urdu جون 23, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

گورنر پنجاب کا سندھ میں ایک لاکھ راشن بیگ دینے کا اعلان

کراچی: گورنر پنجاب سندھ کے بارش متاثرین کی مدد کیلئے کراچی پہنچ گئے، انہوں نے سندھ میں بارش سے متاثرہ اضلاع میں ایک لاکھ راشن بیگ اور 10 ہزار گھرانوں کو بلاسود قرضہ فراہم کرنے کا اعلان کردیا۔ رپورٹ کے مطابق اس بات کا اعلان گورنر پنجاب چوہدری سرور نے گورنر سندھ عمران اسماعیل کے ہمراہ کراچی گورنر ہاؤس میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہی۔اس موقع پر اراکین صوبائی اسمبلی، چیئرمین اخوت فاؤنڈیشن ڈاکٹر امجد ثاقب، چیئرمین غنی گلاس انوار غنی، لاہور انسٹی ٹیوٹ آف ہیلتھ سائنسز کے سربراہ میاں احسن اور اورینٹ گروپ کے میاں طلعت بھی موجود تھے۔

مزید تفصیلات کے مطابق عمران اسماعیل نے کہا کہ گورنر پنجاب اپنے دوستوں کے ساتھ آئے ہیں جو کہ انسانیت کا درد رکھتے ہیں یہ لوگ ایک لاکھ لوگوں کوراشن دیں گے ساتھ ہی اخوت فاؤنڈیشن 10 ہزار گھرانوں کو بلاسود قرضہ فراہم کرے گی جو آسان اقساط میں واپس لیا جائے گا اور یہ قرضہ ایک لاکھ تک دیا جائے گا۔

ایک سوال پر گورنر سندھ نے کہا کہ نالوں پر قبضے، صفائی کے فقدان اور کچرا ڈالنے کے ذمہ داروں کا تعین کرنا صوبائی حکومت کا کام ہے، وفاق، صوبے کی ہرممکن مدد کرنا چاہتا ہے اس کے لیے وزیراعظم پاکستان کی سربراہی میں منعقدہ اجلاس میں تمام اسٹیک ہولڈرز کی مشاورت سے کراچی کے لیے ایک ٹرانسفارمیشن پلان ترتیب دیا گیا ہے۔

گورنرسندھ نے کہا کہ کراچی میں ایڈمنسٹریٹر ایک دیانت دار شخص کو لگائیں گے کیونکہ کراچی اہم ہے اور ہم اس شہر کی ترقی کے لیے کام کرنا چاہتے ہیں، احتجاج سی بی سی اور ڈیفنس والوں کا حق ہے یہ بارش عام بارش نہیں ہوئی دنیا کا کوئی شہر 400 ملی میٹر بارش کی منصوبہ بندی نہیں کرسکتا، اگرنالے ندیاں صاف ہوتیں سالڈ ویسٹ کام ٹھیک کررہا ہوتا تو بھی تباہی ہوتی۔

گورنرپنجاب چوہدری سرور نے کہا کہ بارش سے متاثرہ علاقوں میں ایک لاکھ راشن بیگس تقسیم کیے جائیں گے، ہر راشن بیگ میں تین ہزار سے ساڑھے تین ہزار مالیت کا سامان موجود ہوگا جو مستحق افراد میں تقسیم کیا جائے گا علاوہ ازیں صوبہ کے 10 ہزار متاثرہ گھروں کو آسان قسطوں پر قرضہ بھی فراہم کریں گے۔

چوہدری سرور نے کہا کہ کہ ہماری پوری کوشش ہے کہ نہ صرف کراچی بلکہ صوبے کے دیگر متاثرہ علاقوں میں ریلیف کے بھرپور کام کرسکیں، آج سیلانی ویلفیئر اور دعوت اسلامی کے مراکز گیا وہاں ان کے کاموں کو دیکھ کر بے حد خوشی ہوئی یہ لوگ بہت اچھا کام کررہے ہیں۔

گورنر پنجاب چوہدری سرور نے مزید کہا کہ اسی طرح صوبہ پنجاب اور سندھ میں دیگر نجی فلاحی ادارے لوگوں کی فلاح و بہبود کے کام کررہے ہیں ہم ان فلاحی اداروں کے ساتھ مل کر صوبہ سندھ میں ریلیف کے کام کریں گے انشااللہ مستقبل میں بھی سندھ کے ساتھ تعاون جاری رکھیں گے اس مشکل وقت میں سندھ کے عوام کے ساتھ کھڑے ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے