English Al Qamar Urdu جون 25, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

لائن جج کو گیند مارنے پر نوواک جوکووچ یو ایس اوپن سے باہر

القمر

نیویارک(جسارت نیوز)یو ایس اوپن ٹینس ٹورنامنٹ میں غلطی سے لائن جج کو گیند مار دینے پر ٹینس کھلاڑی نوواک جوکووچ ڈس کوالیفائی ہو کر ٹورنامنٹ سے باہر ہوگئے۔مذکورہ واقعہ امریکی شہر نیویارک میں یو ایس اوپن ٹینس ٹورنامنٹ کے چوتھے رائونڈ کے میچ کے دوران پیش آیا۔ نوواک جوکووچ اسپین کے کھلاڑی پابلو کیرینو بسٹا کے ساتھ کھیل رہے تھے اور 6-5پوائنٹس کے خسارے میں تھے۔میچ کے دوران انہوں نے مایوسی کے عالم میں اپنی جیب سے گیند نکالی اور اسے ریکٹ کی مدد سے پیچھے کی جانب اچھال دیا، یہ جانے بغیر کہ اس سمت میں ایک لائن جج موجود تھیں جن کی گردن پر گیند جا لگی۔جج کو طبی امداد دی گئی، اس دوران منتظمین کے درمیان بحث چلتی رہی جس کے آخر میں انہوں نے فیصلہ کیا کہ جوکووچ کو ڈس کوالیفائی کردیا جائے جس کے بعد وہ ٹورنامنٹ سے باہر ہوگئے۔بین الاقوامی میڈیا کا کہنا ہے کہ گرینڈ سلیم کے قوانین کے مطابق کوئی بھی کھلاڑی کسی بھی موقع پر کسی منتظم، حریف، تماشائی یا ٹورنامنٹ کے دائرہ کار میں موجود کسی بھی فرد کو جسمانی تکلیف نہیں پہنچائے گا۔قوانین کے مطابق ایسی صورت میں ریفری کے پاس یہ اختیار ہو گا کہ وہ گرینڈ سلیم چیف آف سپروائزرز سے مشورہ کر کے کھلاڑی کو میچ میں بلا مقابلہ شکست دے چاہے یہ اس قانون کی پہلی مرتبہ ہی خلاف ورزی کیوں نہ ہو۔واقعے کے بعد جوکووچ نے اپنی صفائی پیش کرتے ہوئے کورٹ میں موجود ٹورنامنٹ ریفری اور گرینڈ سلیم سپروائزر کے ساتھ خاصی لمبی بحث کی، تاہم آخر کار انہیں یہ فیصلہ قبول کرتے ہوئے مخالف کھلاڑی کیرینو بسٹا سے ہاتھ ملا کر اپنی شکست تسلیم کرنی پڑی۔واپسی کے بعد نوواک جوکوچ نے سماجی رابطے پر طویل پوسٹ میں واقعے پر معذرت طلب کی۔ انہوں نے شرمندگی اور اداسی کا اظہار کرتے ہوئے لائن جج سے معذرت طلب کی اور ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔جوکووچ نے کہا کہ یہ ایک نادانستہ عمل تھا اور میں اس کے لیے یو ایس اوپن ٹورنامنٹ اور اس سے منسلک تمام افراد سے معافی مانگتا ہوں۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ یہ واقعہ انہیں بطور کھلاڑی اور انسان بہتر ہونے میں مدد دے گا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے