English Al Qamar Urdu جون 23, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

قومی ٹی ٹوئنٹی کپ کے لئے ایسوسی ایشنز کی ٹیموں کا اعلان

القمر

لاہور(جسارت نیوز)چھ کرکٹ ایسوسی ایشنز کے ہیڈ کوچز نے رواں ماہ شروع ہونے والے نیشنل ٹی ٹوئنٹی کپ کے لیے اپنی اپنی فرسٹ اور سیکنڈ الیون ٹیموں کے لیے 16،16 رکنی اسکواڈز کا اعلان کردیا ہے۔ ایونٹ کا فرسٹ الیون کرکٹ ٹورنامنٹ 30 ستمبر سے 18 اکتوبر تک ملتان اور راولپنڈی میں جاری رہے گا جبکہ سیکنڈ الیون ٹورنامنٹ کے میچز یکم سے 8 اکتوبر تک لاہور میں کھیلے جائیں گے۔ دونوں ٹورنامنٹس( فرسٹ اور سیکنڈ الیون)میں ناردرن کرکٹ ایسوسی ایشن، اپنے ٹائٹلز کا دفاع کرے گی۔ پہلی مرتبہ ہے کہ نیشنل ٹی ٹوئنٹی کپ فرسٹ الیون ٹورنامنٹ ڈبل لیگ کی بنیاد پر کھیلا جارہا ہے۔ یہ فیصلہ آئندہ سال آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی کرکٹ ورلڈ کپ 2021 کے انعقاد اورنیشنل ٹی ٹوئنٹی کپ میں شریک کھلاڑیوں کو قومی ٹیم میں شمولیت کے لیے زیادہ سے زیادہ مواقع فراہم کرنے کی غرض سے کیا گیا ہے۔ یہ کھلاڑی قومی ٹی ٹوئنٹی کپ میں بہترین کارکردگی کی بدولت ایچ بی ایل پی ایس ایل 2020 کی نومبر میں شیڈول ڈرافٹنگ سے قبل فرنچائز مالکان کی توجہ بھی حاصل کرسکتے ہیں۔ان اسکواڈز کے لیے کھلاڑیوں کا انتخاب ہر کرکٹ ایسوسی ایشن کے اعلان کردہ 45 رکنی ابتدائی اسکواڈ سے کیا گیا ہے۔ تمام ہیڈ کوچز نے اپنی کرکٹ ایسوسی ایشن کے لیے 45 رکنی ابتدائی اسکواڈ کا اعلان 28 اگست کو کیا تھا۔ قائد اعظم ٹرافی اور پاکستان کپ کے لیے تمام ٹیموں کے اسکواڈز کا اعلان اِن ایونٹس سے قبل کیا جائے گا۔ دفاعی چیمپئن ناردرن کے ہیڈ کوچ محمد وسیم نے ڈومیسٹک سیزن 21-2020 کے لیے بھی ایک مضبوط ٹیم کو میدان میں اتارنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ٹیم کی قیادت پاکستان کے آلراؤسنڈر عماد وسیم کریں گے جبکہ حال ہی میں دورہ انگلینڈ میں پاکستان کی نمائندگی کرنے والے نوجوان کرکٹر شاداب خان، حیدر علی، حارث روف اور محمد عامر بھی اسکواڈ میں شامل ہیں۔ ابھرتے ہوئے فاسٹ باؤلر موسیٰ خان اور وکٹ کیپر بیٹسمین روحیل نذیر بھی اسکواڈ کا حصہ ہیں۔ دیگر کھلاڑیوں میں آصف علی، محمد نواز، سہیل تنویر اور عمر امین کے نام بھی نمایاں ہیں۔ٹیم کے کپتان عماد وسیم 9 اکتوبر سے راولپنڈی میں شروع ہونے والے ایونٹ کے سیکنڈ راؤنڈ کے لیے دستیاب ہوں گے وہ ابھی ای سی بی کے وائٹیلٹی بلاسٹ ٹی ٹونٹی ٹورنامنٹ میں نوٹینگھم شائر کی نمائندگی کر رہے ہیں۔ گذشتہ سال ایونٹ کی رنرز اپ ٹیم کا اعزاز حاصل کرنے والی، بلوچستان، کی قیادت حارث سہیل کے سپرد ہے۔ ہیڈ کوچ فیصل اقبال کی جانب سے اعلان کردہ اسکواڈ میں شامل دیگر کھلاڑیوں میں امام الحق، عمران فرحت، کاشف بھٹی، یاسر شاہ اور عمر گل کے نام موجود ہیں۔ بابر اعظم سینٹرل پنجاب کی کپتانی کریں گے۔ ٹیم کے دیگر کھلاڑیوں میں نسیم شاہ، فہیم اشرف، ظفر گوہر، کامران اکمل، عابد علی، بلال آصف اور احسان عادل کے نام شامل ہیں۔ ہیڈ کوچ شاہد انور پہلی مرتبہ ایونٹ میں سینٹرل پنجاب کے ڈگ آؤٹ میں نظر آئیں گے۔گزشتہ سال منعقدہ نیشنل ٹی ٹوئنٹی کپ کے کسی میچ میں جگہ نہ بنانے والے سلمان بٹ کو رواں سال فرسٹ الیون ٹیم میں شامل نہیں کیا گیا۔ لاہور قلندرز میں شامل سلمان بٹ نے پی ایس ایل 2020 میں بھی اب تک صرف ایک میچ ہی کھیلا ہے تاہم ان کے تجربے کو پیش نظر رکھتے ہوئے، انہیں سیکنڈ الیون کی قیادت سونپی گئی جسے انہوں نے قبول کرنے سے انکار کردیا۔ خیبرپختونخوا کی قیادت، وکٹ کیپر بیٹسمین محمد رضوان کریں گے۔ ستاروں سے سجی اس کہکشاں کی ہیڈ کوچنگ کے فرائض سابق کرکٹر عبدلرزاق کریں گے۔ اْدھر سندھ کی قیادت وکٹ کیپر بیٹسمین سرفراز احمد کریں گے۔ انہیں محدود ترین طرز کی اس کرکٹ میں انور علی، اسد شفیق، خرم منظور، میر حمزہ، محمد حسنین، رومان رئیس اور شرجیل خان جیسے کھلاڑیوں کا ساتھ میسر ہوگا۔ سابق کرکٹر باسط علی بطور ہیڈ کوچ ٹیم کی رہنمائی کریں گے۔سدرن پنجاب کے ہیڈ کوچ عبدالرحمٰن نے شان مسعود کو ٹیم کا کپتان برقرار رکھا ہے ۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے