کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان ا سپورٹس بورڈ کے ممبران اور بزنس کمیونٹی سے تعلق رکھنے والے عقیل کریم ڈھیڈی اور شفیق عباسی نے وفاقی وزیر بین الصوبائی رابطہ ڈاکٹر فہمیدہ مرزا سے ملاقات کی۔ اس موقع پر وفاقی سیکرٹری وزرات بین الصوبائی رابطہ غفران میمن بھی موجود تھے۔ بورڈ کے ممبران عقیل کریم ڈھیڈی اور شفیق عباسی نے وفاقی وزیر ڈاکٹر فہمیدہ مرزا جو کہ پاکستان اسپورٹس بورڈ کی صدر بھی ہیں، کو پاکستان میں کھیلوں کے فروغ کے لئے تاجر برادری کی طرف سے تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ انہوں نے صوبوں اور قومی کھیلوں کے فیڈریشنز کے تعاون سے مقامی سطح پر کھیلوں کی ثقافت کی بحالی پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ اجلاس میں کھیلوں کے بنیادی ڈھانچے کی ترقی کے لئے پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ اور صوبوں اور اسپورٹس کمپلیکس میں کوچنگ مراکز کی اپ گریڈیشن کے حوالے سے بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ ڈاکٹر فہمیدہ مرزا نے پاکستانی بزنس کمیونٹی کی کوششوں اور مشکل اوقات میں حکومت کو ان کے تعاون اور قومی مقصد کے لئے ان کی فراخدلی سے تقسیم کو سراہا۔ انہوں نے یہ بھی امید ظاہر کی کہ وہ کھیلوں کی بحالی میں اہم کردار ادا کریں گے۔
ڈاکٹر فہمیدہ مرزا سے پی ایس بی ممبران کی ملاقات
القمر
